• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کیس میں پی پی قیادت نوازشریف کے ساتھ ہے، زبیر شاہین

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل مڈ لینڈ کے چیئرمین محمد زبیر شاہین نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں پیپلز پارٹی کی قیادت میاں نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہیں پتہ ہے کہ آصف زرداری کی مبینہ کرپشن کی دولت بیرون ملک جمع ہے۔ آیان علی اور ڈاکٹر عاصم پہلے ہی اس میں پھنس چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے باقی لیڈروں پر مقدمات قائم ہیں۔ آصف زرداری کے سوئس بینکوں میں اکائونٹ کی وجہ سے ان کے ایک وزیراعظم کو نااہل قرار دیا جاچکا ہے کہ انہوں نے بینک کو خط نہیں لکھا۔

انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کو پیپلز پارٹی سے اب بھی بڑی امیدیں ہیں کہ وہ ان کا ساتھ دیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ مریم نوازشریف نے بھی بلاول زرداری سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ میاں نوازشریف کا ساتھ دیں۔ میاں نوازشریف نے اسی وجہ سے سوئس بینکوں کو خط بھی نہیں لکھا۔ آصف زرداری جب بھی حالات کو اپنے خلاف دیکھتے ہیں وہ ملک سے فرار ہوجاتے ہیں۔ پاکستان کی عدالتوں نے انصاف کیا تو پھر کوئی بھی بچ نہیں سکے گا۔ نواز اور زرداری خاندان نے ملک کو لوٹ کر تباہ و برباد کردیا ہے۔

اب ان کو مزید برداشت کرنا ملک کے لیے تباہی اور بربادی کے سوا کچھ نہیں ہے۔ زبیر شاہین نے کہا کہ تمام ملک دشمن کرپٹ اور عوام کے سیاسی اور معاشی قاتل حکمران اور لیڈر اللہ کی پکڑ میں آنے والے ہیں۔ یہی لوگ ملک کو توڑنے والے بھی ہیں، اب انہیں مزید مہلت نہیں ملے گی۔

تازہ ترین