• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، خودکش کار بم دھماکے میں 35 افراد ہلاک، انٹیلی جنس اہلکاروں کو نشا نہ بنایا،طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

کابل (اے ایف پی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے کار سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، افغان حکام کے مطابق حملے میں 35 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے، یہ حالیہ ہفتوں کے دوران دارالحکومت میں ہونے والے بدتر حملوں میں سے ایک تھا، دھماکا افغان نائب چیف ایگزیکٹیو محمد محقق کے گھر کے قریب ہوا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، افغان حکام کے مطابق خودکش دھماکے میں حکومتی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، قائم مقام وزیراخلہ نجیب دانش نے بتایا کہ دھماکے میں 24 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، ایک اور سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکے میں 35 افراد مارے گئے، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ٹوئٹر پر دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں 37 انٹیلی جنس اہلکار ہلاک ہوئے، انہوں نے بتایا کہ حملے میں دو بسوں کو ہدف بنایا گیا جن کی گزشتہ دو ماہ سے ریکی کی جارہی تھی، حکومتی سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں وزارت کان کنی کی ایک چھوٹی بس تباہ ہوگئی تاہم افغان انٹیلی جنس نیشنل ڈائریکٹوریٹ فار سیکورٹی کا کہنا ہے کہ حملے میں اس کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا، وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے میں تین گاڑیاں اور 15 دکانیں تباہ ہوئیں یا انہیں نقصان پہنچا، افغانستان میں رواں برس اب تک ایک ہزار 662 شہری ہلاک ہوچکے ہیں، دوسری جانب اتوار کے روز طالبان جنگجوئوں نے فریاب صوبے کے ایک ضلع میں افغان فوجیوں کا گھیراو کرلیا تھا، یہ بات صوبائی پولیس نے بتائی، افغانستان کے شمالی صوبوں بغلان، بدخشاں اور قندوز جبکہ جنوبی صوبوں قندھار، ہلمند اور اروزگان میں شدید لڑائی جاری ہے، دریں اثناء افغان صدارتی ترجمان کا کہا ہے کہ طالبان نے اختتام ہفتہ پر غور صوبے پر حملہ کرکے 35 افراد کو ہلاک کردیا تھا، طالبان اسپتال یں داخل ہوئے اور وہاں موجود تمام 35 شہریوں کو ہلاک کردیا، ترجمان شاہ حسین مرتضاوی نے یہ نہیں بتایا کہ آیا مرنے والے تمام شہری یا اسٹاف کے ارکان تھے، انہوں نے اپنے اس دعوے کی وضاحت نہیں کی تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق طالبان نے اسپتال کو وقت نذرآتش کردیا تھا، طالبان نے اس دعوے کی تردید کردی ہے اور کہا ہے کہ لڑائی کے دوران ایک مقامی اسکول کا کچھ حصہ بھی تباہ ہوا ہے۔  افغان صدر اشرف غنی خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے،  وزیراعظم نواز شریف نے کابل دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین