• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، عدم فراہمی کے خلاف مظاہرے

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) شہر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا، مختلف علاقہ مکینوں کی جانب سے بجلی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیےگئے، گاڑی کھاتہ، سبزی منڈی، گلشن حالی کے مکینوں نے شاہراہ پر ٹائر نذرآتش کیے، تفصیلات کے مطابق گاڑی کھاتہ کے مکینوں نے 4 روز سے بجلی کی بندش کے خلاف قاضی عبدالقیوم روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں گذشتہ 4 روز سے بجلی کی سپلائی معطل ہے جس کی وجہ سے گھروں میں خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے اور وہ دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع کے باوجود حیسکو انتظامیہ ان کے علاقے کا خراب ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کررہی اور ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے لئے رشوت طلب کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے۔علاوہ ازیں سبزی منڈی اورگلشن حالی کے مکینوں نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقے کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے بصورت دیگر وہ حیسکو ہیڈکوارٹر کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہوں گے۔

تازہ ترین