• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

40 فیصد آئل ٹینکر فٹ نہیں، صرف 38 فیصد کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ، قائمہ کمیٹی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سینٹ قائمہ کمیٹی پٹرولیم کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 11ہزار 7 سو 74میں سے 4 ہزار 6 سو 53 آئل ٹینکر فٹنس پر پورا اترتے ہیں ۔صرف 38 فیصد کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ موجود ہیں،چالیس فیصد آئل ٹینکر فٹ نہیں،سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ ٹینکرز کو اوگرا سے فٹنس سرٹیفکیٹس لینا ہوگا،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سانحہ احمدپور شرقیہ کی ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، کمیٹی نے اوگرا کی جانب سے رولز پر عملدارآمد کے حوالے سے غفلت برتنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ، سیکرٹری پٹرولیم نے واضح کردیا کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی دھونس دھمکیوں میں نہیں آئیں گے،آئل ٹینکرز کو اوگرا سے سرٹیفکیٹ لینا ہوگا کمیٹی کے چیئرمین سینٹر میر اسرار اللہ خان زہری نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ بلوچستان کا زیادہ تر علاقہ قدرتی گیس کی سہولت سے محروم ہے ۔

ایل پی جی کے ایئرمکس پلانٹس بھی نہیں لگائے جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں ٹینکر حادثہ سے 230 قیمتی جانوں کا نقصان افسوس ناک ہے ۔ سخت ترین اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔ اجلاس میں چیئرپرسن اوگرا عظمیٰ عادل نے بتایا کہ ٹینکر شیل کمپنی کا ہے ، ٹینکر میں پیٹرول اٹھانے کی صلاحیت 50ہزار لیٹر نہیں تھی ۔اوگرا نے  حادثہ میں جاں بحق ہو نے  والوں میں فی کیس 10لاکھ اور زخمی ہونے والوں میں فی کس 5لاکھ ادا کیا ہے۔  معاملہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے از خود نوٹس لینے پر عدالت میں ہے اور 26جولائی کی تاریخ سماعت ہے۔ اوگرا کے 2009میں بنائے جانے والے رولز پر عمل درآمد نہیں ہورہا ۔

ادارہ جاتی کمزوریاں بھی ہیں ۔سینٹر نثار محمد نے کہا کہ اوگرا اپنا کردار درست ادا نہیں کررہا ۔ سینٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل نے کہا کہ محکمانہ نظام موجود نہیں ۔سینٹر سردار فتح حسنی اور سینٹر باز محمد نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے ذمہ داران کا تعین کرکے ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ سینٹر روبینہ عرفان نے کہا کہ موٹروے پولیس کے متعین کردہ لوڈ سے زیادہ ٹینکرز پر پابندی ہونی چاہیے ۔

سیکرٹر ی وزارت نے کہا کہ کل تمام فریقین کے ساتھ اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں بہتر حل نکال لیا جائے گا۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشنز نے ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ حکومت ڈیز ل کی طرح پیٹرول کو بھی پائپ لائن کے ذریعے ترسیل پر سوچ رہی ہے۔

تازہ ترین