• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع کونسل کراچی نے بھی حکومت سندھ کی جانب سے افسران کے تبادلے و تقرریوں کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمی کراچی کے بعد ضلع کونسل کراچی نے بھی حکومت سندھ کی جانب سے افسران کے تبادلے و تقرریوں کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا ہے زرائع کے مطابق صوبائی محکمہ بلدیات نے گزشتہ روز ضلع کونسل کراچی میں تعینات چیف آفیسر مسرور میمن کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ تقرری کے منتظر ایاز حمید اللہ میمن کو چیف آفیسر مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم ضلع کونسل کراچی کی انتظامیہ نے حکومت سندھ کے احکامات ماننے سے انکار کردیا اور تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا اس سلسلے میں ضلع کونسل کراچی کے قریبی زرائع کا کہنا ہے کہ مزکورہ عہدہ گریڈ 19 اور 20 کا ہے جبکہ ایاز حمید بلوچ گریڈ 18 کے افسر ہیں اور اس ہی لیے مسرور میمن نے ان کی تعیناتی کے احکامات کو عدالت میں چیلنج کیا ہے اور عدالت نے اگلی پیشی تک احکامات پر عملدرآمد روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بلدیہ عظمی کراچی حکومت سندھ کی جانب سے کیے جانے والے تقرری و تبادلوں کے احکامات پر نہ صرف مزاحمت کرتی رہی ہے بلکہ صوبائی حکومت کے بعض اقدامات کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر چکی ہے اس وقت حکومت سندھ اور بلدیہ کراچی میں 2 حریف سیاسی جماعتوں کی حکمرانی ہے تاہم دلچسپ امر یہ ہے کہ ضلع کونسل کراچی میں سندھ کی حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی برسر اقتدار ہے

تازہ ترین