• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کو ہٹانے سے سی پیک پر اثر پڑے گا، حاصل بزنجو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں غیر جمہوری عناصر کا ٹولہ ہے عمران خان کا واحد مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے ان کے جمہوریت کے خلاف اقدامات سے سیاسی کلچر تباہ ہورہا ہے نواز شریف کو ہٹانے سے سی پیک پر اثر پڑیگا، وہ پیر کو پی این ایس سی بلڈنگ میں واقع کیمپ آفس میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔

ایک سوال پر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ نواز شریف کی وجہ سے ملک کی معیشت مضبوط ہورہی ہے جس کی واضح مثال غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہے۔ملک میں انتخابات مقررہ وقت پر 2018 میں ہونگے، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے،اندرونی یا بیرونی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں نے منتخب حکومتوں کا خاتمہ کر کے ملک پر تلوار لٹکائی ہے، ملک میں بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے اس کے علاوہ خارجہ پالیسی اور فرقہ واریت بھی ملک کا مسئلہ ہیں، ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاناما کیس سے فوج کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

تازہ ترین