• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محاذ آرائی سے گریز کیا جائے، سندھ کی ترقی کیلئے مزید تعاون کرینگے، وزیراعظم عباسی

Todays Print

کراچی (اسٹاف رپورٹر، این این آئی، ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی کیلئے 25 ارب روپے اور حیدرآباد کیلئے 5 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کردیا ہے، پیکیج کے تحت انفرا اسٹرکچر اور دیگر منصوبوں کو مکمل کیا جائیگا، کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی پیکیجز کی نگرانی گورنر سندھ کریںگے۔

نوازشریف نے کسی ادارے کو ٹارگٹ نہیں کیا سپریم کورٹ نے ان کی نااہلی کے حوالے سے جو فیصلہ دیا تھا انہوںنے من وعن قبول کیا ،نوازشریف کسی کیخلاف ریلی نہیں نکال رہے ہیں بلکہ وہ اپنے گھر لاہور پہنچے ہیں، ایم کیو ایم نے بغیر کسی شرط کے میری حمایت کی ،مطالبات اور مسائل کو حل کیا جائے گا، کراچی میں 4 سال کی محنت کو ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا، کراچی آپریشن اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا گفتگو ، گورنر و وزیراعلیٰ سندھ اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ہفتہ کو ایک روزہ دورہ پر کراچی پہنچ گئے۔ ایئر پورٹ پر گورنر سندھ زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ متعدد وفاقی وزرا بھی ہمراہ تھے ۔ وزیر اعظم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار قائد پر حاضری دی۔

پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جسکے بعد انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے ان کے ہمراہ وزیر داخلہ احسن اقبال،گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی شامل تھے۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کا مزید کہنا تھا کہ میرا دورۂ کراچی کے دوران ایم کیو ایم، لیگی رہنماؤں اور تاجر برادری سے ملاقات ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم نے بغیر کسی شرط کے مجھے وزیراعظم کے عہدے پر ووٹ دیا، ایم کیو ایم پاکستان ایک سیاسی جماعت ہے انکے وفد سے آج مثبت ملاقات رہی ہے، انکی مشکلات حل کی جائیںگی۔ انہوںنے کہا کہ تاجر برادری سے بھی ملاقات اچھی رہی۔

حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے لیے تاجر برادری کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرے گی۔ اگر صنعتیں بڑھیںگی تو برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اس سال وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کردیا ہے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ جب پارٹی چاہے گی وزیراعظم کے عہدے پر کام کرتا رہوںگا، نوازشریف اب بھی ہمارے وزیراعظم ہیں، سپریم کورٹ نے انکی نااہلی کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے اسے انہوںنے من وعن تسلیم کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میاں نوازشریف کسی ادارے کو ٹارگٹ کررہے ہیں اور نہ ہی انہوںنے کسی کے خلاف ریلی نکالی ہے۔انہوںنے کہا کہ نوازشریف نے اپنی سیاسی خیالات کا اظہار کیا ہے جو ہر ایک کا سیاسی حق ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گورنر سندھ کوئی سیاسی کام نہیں کررہے اور نہ ہی سیاسی معاملات میں دخل اندازی کررہے ہیں۔ وہ صوبے کی ترقی اور امن وامان کی صورت حال کی بہتری کیلئے وفاق کے نمائندے کے طور پر ملاقاتیں کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے ٹی وی دیکھنے کا موقع کم ملتا ہے۔ عوام نے اپنا جواب نوازشریف کو خوش آمدید کرکے دے دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ غوث علی شاہ سے میرے ذاتی تعلقات ہیں اور وہ میرے جیل کے ساتھی رہے ہیں وہ لیگی رہنما ہیں ہم ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے کے پیکیج کا علان کیا اس پیکیج کے تحت شہر میں انفرااسٹرکچر کی بہتری، صنعتوں کی بہتری، پانی کی اسکیم اور دیگر منصوبے شروع کیے جائیںگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں اسپتال اور میڈیکل کالج قائم کیاجائے گا۔ انہوںنے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوںنے حیدرآباد کے لیے بھی 5 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا اور کہا کہ اس پیکیج کے تحت حیدرآباد کے مسائل حل کیے جائیںگے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ رینجرز شہر کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے وہ اپنا کام جاری رکھے گی۔قبل ازیں ہفتہ کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیراعظم سے ملاقات کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کے لیے بھر پور اقدام کرے گی ۔عوام کے مسائل حل کرنا وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ہے ۔ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا ۔کراچی کو معاشی سماجی ترقی دینے کا ویژن ہمارے ہی پاس ہے، سیاسی محاذ آرائی سے گریزکیا جائے۔ملاقات میں گورنر سندھ نے وزیراعظم کو کراچی سمیت صوبے میں امن وامان کی صورتحال،سندھ میں انفرااسٹرکچرکی بہتری اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی ۔گورنر سندھ نے وزیراعظم کو صوبے میں سرمایہ کاری اور تاجر برادری سے رابطوں کے بارے بھی آگاہ کیا ۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں صوبوں میں امن کاقیام اور عوامی مسائل کو حل کرنا ہے ۔اس حوالے سے وفاقی حکومت بھرپور اقدام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبہ بھر کی ترقی کے لیے وفاق سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا ۔ وزیر اعظم نے گورنر سے کراچی آپریشن پر پیش رفت اور کچھ روز سے جرائم کی وارداتیں دوبارہ بڑھنے کی خبروں سے متعلق استفسارکیا، جس پرگورنرسندھ نے بتایا کہ یہ درست ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی لہر دوبارہ شروع ہوئی ہے۔

تازہ ترین