• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ّّکشمیری پر امن تحریک جاری رکھیںگے، پاک چین اقتصادی راہداری سے تر قی کی نئی راہیں کھلیں گی، زاہد حفیظ چوہدری

لوٹن (شہزاد علی) برطانیہ میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نےکہا ہے کہ 14 اگست کو پاکستان کا جشن آزادی مناتے ہوئے برطانوی پاکستانیوں کی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کی رفتار دیکھ کر بہت مسرت ہوتی ہے کہ آج 12 پاکستان نژاد ایم پیز ، 8 ممبران ہاوس آف لارڈز اور لندن مئیر، اور مختلف کونسلوں میں بڑی تعداد میں پاکستانی کونسلرز، لارڈ مئیرز ہیں۔وہ بروز پیر جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن کے زیر انتظام مقامی ریستوران کے وسیع ہال میں یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہر شعبہ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔

پاکستان کے اندرپاک چین اقتصادی راہدری کے ذریعے 56ملین کی سرمایہ کاری کے منصوبہ پر کام جاری ہےجس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اب ہم نے صرف آگے دیکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ جو بدستور حل طلب ہے یہ بڑی تکلیف دہ بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میںبھارتی ظلم پر دنیا خاموش ہے لیکن کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی انہوں نےزور دیا کہ کشمیری ہر حالت میں اپنی پر امن تحریک جاری رکھیں اوربرطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی اپنے حصے کا کردار ادا کرتی رہے۔

اس موقع پر لارڈ قربان حسین نے کہا کہ پاکستان کا 70 واں جشن آزادی مناتے ہوئے نہایت مسرت ہو رہی ہے انہوں نے واضح کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جب یہ محسوس کیا کہ کسی بھی صورت میں متحدہ ہندوستان کے اندر مسلمانوں کے حقوق محفوظ نہیں ہوں گے تو پھر انہوں نے ایک علیحدہ وطن بنانے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کےعوام کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے گزشتہ ستر سال میں اپنا مقام دیگر اقوام میں بہتر طور پر منوایا اور پاکستان نہ صرف ایک ایٹمی طاقت ہے بلکہ پاکستانی عوام کا معیار زندگی بھی بلند ہےانہوں نے پاکستان کےساتھ برطانیہ کے بہتر تعلقات کار کا بھی ذکرکیا اور کہاکہ برطانیہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنڈز میں سب سے زیادہ پاکستان کی مدد کرتا ہے تاہم انہوں نے مسئلہ کشمیر پر برطانیہ کو کردار ادا کرنے پر زور دیا اور کہا کہ برطانیہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلوانے کے لیے اپنا عالمی کردار نبھائے اور مقبوضہ کشمیر سےاپنی فوج کا انخلا کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی برطانیہ میں مقامی سیاسی عمل میں بھرپور کردار جاری رکھے اور ہر طرح کے انتہا پسندوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے۔ مئیر لوٹن کونسلرچوہدری محمد ایوب نےکہاکہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ جن مقاصد کے لیے پاکستان حاصل کیا گیا تھا ان کی تکمیل ہر صورت میں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام ووٹ کی طاقت اور جمہوری جدوجہدکا نتیجہ ہے۔پاکستان جب آزاد ہوا تو ڈیڑھ کروڑ افراد نے ہجرت کی اوربے شمار جانیں قربان ہوئیں انہوں نے کہا کہ آج ہم سب پاکستانیوں کو چاہئے کہ اکٹھے ہوں اور اتحاد کامظاہرہ کریں۔ میزبان اورناظم تقریب علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ آج سب مل کر استحکام پاکستان کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا۔

اس ملک میں صحیح معنوں میں اسلامی اخوت اور بھائی چارہ کو فروغ دیا جائے۔ ناظم قاضی عطا الکبریا نے پروگرام میں شرکت پر تمام عمائدین اوربالخصوص ہوسٹ کمیونٹی سے متعلق چیدہ افراد کی شمولیت کو سراہا ۔لوٹن برا کونسل لیڈر، کورنر ، بشپ اور بیڈز پولیس کمشنر نے بھی خطاب کیاانہوں نے کہا کہ لوٹن ایک ڈائیورس ٹاون ہے اور وہ پاکستانی کمیونٹی کی 14 اگست کی خوشیوں کو ان کے ساتھ سیلبریٹ کر رہے ہیں۔ بشپ نے کہا لوٹن ایک ونڈرفل جگہ ہے اور پاکستان کے لیے وہ دعا گو ہیں کہ یہ ملک ترقی کرے۔کونسل لیڈر ہیزل سمنزنےکہا کہ 200سال برٹش رول کے بعد 70سال قبل پاکستان وجود میں آیا وہ پاکستان کے لوگوں کو اس موقع پر مبارک باد پیش کرتی ہیں۔

لوٹن میں 30 ہزار پاکستانی موجود ہیںاور لوٹن ٹاون ایک ڈائیورس قصبہ ہے آئیں مل کر اس ٹاون کیلئے کام کریں۔ اس موقع پرپولیس کمشنر مس کھیتی نے کہا کہ یہ بہت بڑی اچیومنٹ کہ اس ملک میں آج پاکستانی لیڈ کررہے ہیں وہ پولیس کمیونٹی کے ساتھ مل کر جرائم کا تدارک کرنا چاہتی ہے۔ مئیر سلاو کونسلر عشرت شاہ نے کہا کہ لوٹن میں کشمیر اورپاکستان سے بہت بڑی کمیونٹی آباد ہے اور چونکہ ان کا تعلق بھی آزادکشمیر سے ہے جس کےباعث بھی انہیں اس طرح کی پروقار تقریب میں آکربہت مسرت ہوئی ہے۔ بھارت اجمیر شریف کے صاحبزادہ بلال حسین چشتی نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوریاں ختم ہوں۔دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں اور امن کا گہوارہ بنیں برطانیہ بھی ترقی کرے۔

پاکستان مسلم لیگ کے راجہ سید زمان خان نے قیام پاکستان کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب مسلم اکابرین نے دیکھا کہ مسلمانوں کو متحدہ ہندوستان میں ہر میدان میں پیچھے رکھا جارہا ہے تو قائداعظم جوایک سچے رہنما تھے نے ایک الگ ملک کے لئے جدوجہد کی ۔ایگزیکٹیوکونسلر لوٹن برا راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ علامہ محمداقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا اور اس کا تصور پیش کیا اورقائد اعظم نے ان کے خواب کی تکمیل کی۔ کونسلر چوہدری محمداشرف نےکہا کہ بہت مشکلات کے باوجود پاکستان وجود میں آیا اور آج ہماری دعا ہے کہ سی پیک منصوبہ کامیاب ہو۔کونسلر راجہ وحید اکبر نےکہا کہ وہ زور دیں گے کہ کشمیر کی آزادی کےلیے قوم متحد ہوجائے ۔

کونسلرریاض بٹ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کوششوں کو خراج پیش کرتے ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو حقوق انسانی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ان کی مذمت کرتے ہیں۔الحرا کے ڈائریکٹر مسعود اختر ہزاروی نے کہا کہ یہ تجدید عہدکا دن ہے کہ ہم نے نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنا ہے کہ یہ ملک ایک نظریہ کی بنیاد پرمعرض وجود میں آیا تھا۔قاری واجد حسین چشتی نےکہا کہ پاکستان میں نظام مصطفی کانفاذ دوسرا کشمیر کی آزادی ان پر فوکس کیا جائے۔تحریک کشمیر کے چوہدری محمد شریف ، لندن سےشیخ سر بلند، لوٹن کونسلروں راجہ سلیم اور طاہر ملک ، مسلم کانفرنس کےچوہدری محمد بشیر رٹوی، شبیر ملک، راجہ محمد یعقوب خان ، راجہ مشتاق خان، سلاو سے چوہدری مشتاق نے بھی اظہار خیال کیااور کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی۔انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کےبغیر پاکستان نامکمل ہے اس لیے جہاں آج ہم پاکستان کے قیام کی خوشیاں منا رہے ہیں وہیں ہمیں آزادئ کشمیر کے لیے بھی متحرک کردار ادا کرنا چاہئے۔

پروگرام میں جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ کے خان محبوب چشتی، قاضی ضیا المصطفیٰ، قاضی عبدلرشیدچشتی، چوہدری عبدالمجید اور صوفی عبدالعزیز نقشبندی ، بیڈفورڈ ہسپتال کے ڈائرکٹرڈاکٹر واصل ، جے۔ کے ایل۔ایف کے حاجی راجہ روف خان،صوفی راجہ عجائب، پی پی کے محمد فیاض قریشی ، چوہدری پرویز،چوہدری اکرم، شبیر مغل، صدر مسلم کانفرنس لوٹن چوہدری امتیاز حسین، اسرار بٹ، ن لیگ کے سید حسین شہید سرور، پی ٹی آئی کے خرم ملک سمیت مختلف مکاتب فکر سے متعلق عمائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کی طرف سے سالانہ عید ملن کا اہتمام بھی کیا گیا۔

تازہ ترین