• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکلات سے گزرنے کے باوجود پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، افضل خان ایم پی

بولٹن (ابرار حسین/ ذوالفقار علی مہر)پاکستان کے 70ویں یوم آزادی کی تقریب بولٹن میں پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ کے زیراہتمام روایتی جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی، تقریب میں رکن پارلیمنٹ افضل خان، اوورسیز پاکستانی فائونڈیشن کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک، ایم ای پی واجد خان، پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ کے ڈائریکٹر ناصر تارڑ، مہران تارڑ، سماجی رہنما چوہدری شفاقت، شوکت حیات اور جعفر اقبال کے علاوہ کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر قومی ترانہ اور ملی نغموں کی دھنوں سے شرکاء محظوظ ہوتے رہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ افضل خان نے انتظامیہ کی جانب سے شاندار پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل سے اپنا 70واں یوم آزادی منارہا ہے اور کئی مشکلات سے گزرنے کے باوجود اب تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انشاءاللہ اس کا مستقبل تابناک ہوگا، انہوں نے کہا پاکستانی نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی ایک محنتی اور پرامن قوم ہے جو ہرقسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے، انہوں نے کہا دیارغیر میں ہمیں بحیثیت پاکستانی اور بحیثیت مسلمان اچھا کردار ادا کرنا چاہئے اور برطانوی عوام پر اچھے تاثرات ڈالنا چاہئیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم اور تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں حاصل ہوا، پاکستان کے استحکام اور روشن مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ ہم پاکستان کے قومی قائدین بانی پاکستان محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے تصورات کے مطابق اپنے ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کریں تاکہ آنے والی نسلیں اپنے آبائواجداد کی اس جدوجہد پر فخر کرسکیں۔ ایم ای پی واجد خان نے کہا کہ قومی یکجہتی اور ملکی سلامتی کا تحفظ وقت کا اہم ترین تقاضا اور ہرپاکستانی کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے کیلئے بانی پاکستان کے فرمان اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر دل و جان سے عمل کرنا ہوگا اور بیرون ملک آباد ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ ذاتی اور سیاسی مفاد پر ملک وقوم کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کو اقتصادی اور دفاعی طور پر مضبوط اور ایک اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال میں لائے۔ پاکستان پبلک ایڈ ٹرسٹ کے ڈائریکٹر ناصر تارڑ نے کہا کہ یوم آزادی ہماری اصلاح کا دن بھی ہے اس دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے۔ اس کی خوشحالی وتعمیر وترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ نوجوان نسل کو آزادانہ اسلامی زندگی بسر کرنے، جدید تعلیم سے آراستہ، مستند روزگار کے حصول کیلئے بلاخوف و خطر مواقع میسر آسکیں، مہران تارڑ نے کہا کہ ایسا پاکستان جو فلاحی مملکت ہو، استحصال سے پاک ہو، جہاں تعلیم ہو اور جہالت کا خاتمہ ہو، غربت افلاس کی بجائے خوشحالی ہو، ہمیں ایسی حکمت عملی اپنانا ہوگی جس سے بانیان پاکستان کے افکار و نظریات کی تکمیل ہوسکے، سماجی رہنما جعفر اقبال نے کہا کہ یہ دن اس عزم صمیم کا دن ہے کہ پوری قوم مل کر ایک بار پھر پاکستان کو اقبال کے نظریات اور قائد کے جدید اسلامی جمہوری پارلیمانی تصورات کی آماجگاہ بنائے، تقریب سے شوکت حیات اور چوہدری شفاقت نے بھی خطاب کیا، آخر میں جشن آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا اور سیاست کے شعبے میں بولٹن کے کونسلر چوہدری اختر زمان کے علاوہ دیگر سیاسی رہنمائوں کو ایوارڈ بھی دیئے گئے۔

تازہ ترین