• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کی کوشش کی، ڈاکٹر ظہور

راچڈیل (تنویرکھٹانہ) پاکستانی کمیونٹی برطانوی معاشرے میں اپنے مثبت کردار سے کلیدی حیثیت کی حامل ہے، پاکستانی نژاد باشندے ہر شعبے میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور آج اتنی بڑی تعداد میں دیگر کمیونٹیز کا پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار کونسلر عاصم رشید نے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی ایسوسیشن کی جانب سے جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے راچڈیل ٹاؤن ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران روزنامہ جنگ سے گفتگو میں کیا۔

تقریب میں پاکستان کے سترہویں جشن آزادی پر ملی نغمے پیش کئے گئے، راچڈیل ٹاؤن ہال کے مین ہال کو جھنڈیوں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب میں گریٹر مانچسٹر سے سماجی، سیاسی، مذہبی اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ وارنگٹن سے نو منتخب مسلمان ممبر پارلیمنٹ فیصل رشید نے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب کمیونٹی کے مابین محبت اور فروغ کا باعث ہیں۔ راچڈیل سے نو منتخب ممبر پارلیمنٹ ٹونی لائیڈ نے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ مانچسٹر میں موجود پاکستانی قونصلیٹ کے قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور احمد کو ان کی خدمات پر شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔

قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور کا کہنا تھا کہ مجھے میری خدمات پر شیلڈ سے نوازنا میرے لیے اور میرے ملک کے لیے باعث فخر ہے۔ بحیثیت پاکستانی میں نے پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کی کوشش کی اور الحمدللّٰہ اس شیلڈ کو وصول کر کے مجھے لگا ہے کہ میں اپنے اس مشن میں کامیاب ہوا ہوں۔ او پی ایف کے چیئرمین بیرسٹر امجد نے بھی بیرون ملک میں بسنے والے پاکستانیوں کو جشن آزادی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانیوں کا اس دن کو یوں جوش و خروش سے منانا ہمارے زندہ دل ہونے کا ثبوت ہے۔

اس موقع پر گریٹر مانچسٹر پولیس کے عہدیداروں نے بھی پاکستانی کمیونٹی سے جشن آزادی کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، راچڈیل ٹاؤن کے میئر اور میئرس نے بھی پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی۔ معروف سنگر عثمان فاروقی کے ملی نغموں اور گانوں سے تقریب میں موجود شرکاء بے حد محظوظ ہوئے۔ تقریب میں بچوں اور خواتین نے سبز رنگ کے روایتی لباس زیب تن کر رکھے تھے۔

تازہ ترین