• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ کے جناح ریسٹورنٹ میں یوم آزادی پاکستان کی تقریب

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) پاکستان کے70ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف طبقہ فکر کے لوگ مختلف انداز میں جشن منا رہے ہیں۔ بریڈ فورڈ کے جناح ریسٹورنٹ کے مالک محمد سلیم نے آج سے25سال قبل جب اپنے ریسٹورنٹ کا نام جناح رکھا تو لوگوں نے ان کو مشورہ دیا کہ آپ یہ نام نہ رکھیں کیونکہ یہاں کے لوگ انڈین ریسٹورنٹ کا نام رکھتے ہیں۔ آپ کے کاروبار کے لئے شاید اچھا نہ ہو مگر محمد سلیم کا کہنا تھا کہ کچھ بھی ہو میں منافقت نہیں کر سکتا کہ کھانوں کے ذائقے پاکستانی ہوں اور نام انڈیا کا ہو میں ایسا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے انگریز کمیونٹی میں یہ ریسٹورنٹ کھولا دیکھتے ہی دیکھتے جناح کا نام پورے برطانیہ میں مشہور ہوگیا ہر سال14اگست کو باقاعدہ ریسٹورنٹ میں کیک کاٹا جاتا ہے۔ ریسٹورنٹ میں قومی ترانے اور ملی نغمے بجائے جاتے ہیں اس سال بھی محمد سلیم نے فیملی کے ہمراہ خوبصورت کیک کاٹا، ریسٹورنٹ میں مہندی کا سٹال بھی لگایا گیا۔ چہرے پر قومی پرچم کی پینٹنگ بھی کی جاتی رہی۔ محمد سلیم نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کے نام کی برکت سے آج الحمداللہ برطانیہ میں15سے زائد برانچیں ہیں۔ انہوں نے کہا جناح نام رکھنے کا مقصد نوجوان نسل کو جہاں پاکستان کی تاریخ سے روشناس کرانا ہے بلکہ پاکستان کے ذائقوں کو بھی دنیا تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں سبزی دالیں تو پکتی ہیں گوشت قورمہ وغیرہ کا وہاں تصور تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ریسٹورنٹ میں لگی بابائے قوم کی تصاویر اور ان کے فرمان کو پڑھ کر اجنبی لوگ اور ہمارے نوجوان اکثر مجھ سے یہ پوچھتے ہیں کہ اس ریسٹورنٹ کے بانی محمد علی جناح ہیں اور یہ آپ کے والد ہیں، میں ان کو بتاتا ہوں کہ ہاں یہ بابائے قوم ہیں، یہ پاکستان کے بانی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل پاکستان کی تاریخ سے نابلد ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان نسل کو پاکستان کے محسنوں کے حوالے سے تاریخ بتائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بریڈ فورڈ قونصلیٹ کے تحت پروگرام میں 20اگست کو فیملی اور بچوں کے ہمراہ ہم سب کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کرنی چاہئے۔20تاریخ کو ہونے والی پریڈ اور میلے میں برطانیہ کے مختلف شعبے بھی بھرپور شرکت کر رہے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ہم بھی اس میں بھرپور شرکت کریں۔ محمد سلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قائد اعظم اور قائد اعظم کے پاکستان اور اپنے وطن کی ثقافت کو اجاگر کرتے رہیں گے۔

تازہ ترین