• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کے دل وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں، راجہ ابو تراب

لندن (ودود مشتاق) برطانیہ بھر کی طرح لندن میں بھی مسلم لیگ ن کے زیراہتمام پاکستان کا 70 واں یوم آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے نوجوان مسلم لیگی رہنما اور کاروباری شخصیت راجہ ابو تراب اور دیگر نوجوانوں اور کاروباری شخصیات نے لندن بارو آف ہنسلو کے ایک خوبصورت ہال میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب میں شہزاد چوہدری، سابق میئر ہنسلو کونسلر نثار ملک، مظہر حیات راجہ، انجم چوہدری، ڈاکٹر تراب، محمد طارق، تیمور طارق، وحید احمد سمیت مختلف کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیات کے علاوہ پاکستانی فیملیز، بچوں اور خواتین نے بھر پور شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستان کے ملی نغمے گائے گئے۔ پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور وطن عزیر کی سلامتی اور خوشحالی کےلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے منتظم راجہ ابو تراب نے کہا کہ تمام اوورسیز پاکستانی برطانیہ میں سماجی اور معاشی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ تمام اوورسیز آج جمع ہو کر یہاں اپنے وطن کی سترویں سالگرہ منا کر پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات کچھ بھی ہوں لیکن اوورسیز پاکستانیوں کا دل اپنے وطن کےساتھ ہمیشہ دھڑکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں ہر طرح کی صورت حال میں جمہوری نظام کی سپورٹ جاری رکھیں گے۔

سابق میئر نثار ملک نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں تاہم تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لانا ہوگی۔ راجہ مظہر حیات نے کہا کہ آج خوشی کے لمحات کو پوری قوم کے ساتھ مل کر منا رہے ہیں اور ہمیشہ مناتے رہیں گے۔ شہزاد چوہدری نے کہا کہ ہزاروں میل دور بیٹھ کر پاکستان کی سترویں سالگرہ منا کر یہ ثابت کیا جا رہا ہے کہ ہم یہاں ہیں لیکن ہمارا دل پاکستان کے ساتھ دھڑک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کی جان ہے اور پاکستان ہی انکی پہچان ہے اور وہ اس کے لئے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انجم چوہدری نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والا دھماکہ آزادی کی خوشیوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش تھی جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ محمود طارق نے کہا کہ برٹش پاکستانی نوجوانوں کو فخر ہے کہ وہ اپنے ملک کا یوم آزادی بھرپور جوش اور جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں اور ہمیشہ مناتے رہینگے۔ تقریب میں شریک بچوں، خواتین اور نوجوانوں نے ملی نغمے گا کر ماحول کو خوب گرمایا، جبکہ پشتو، پنجابی، بلوچی، کشمیری اور سندھی سمیت تمام زبانوں میں قومی نغموں کی دھن پر دیر تک رقص کیا جاتا رہا۔

تازہ ترین