• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے کرپشن کے خلاف مثالی جدوجہد کی، غلام ربانی بابو بھائی

برسلز (عظیم ڈار) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے ممبران نے برسلز میں یوم آزادی پاکستان کی تقریبات انتہائی جوش و خروش اور تزک و احتشام کے ساتھ برسلز میں واقع مہاراجہ ریسٹورنٹ میں منائی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ بلجیم کے کوآرڈینیٹر غلام ربانی بابو بھائی نے کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کے بڑوں نے بے شمار قربانیاں پیش کرکے آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔

ملک میں آزادی کے بعد بہت حالات تبدیل ہوئے کبھی معیشت اور اقتصادی حالات آسودہ ہوئے تو کبھی بحرانوں نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لیا، بدحالی بھی دیکھی، مگر بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں نے ملک کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا اور عوام کو بنیادی سہولیات بھی میسر نہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے پاکستان کی تاریخ میں مثالی قدم اٹھایا اور اپنی جان کی پروا کئے بغیر عوام کے حقوق کے لئے جنگ کی۔

انہوں نے بلجیم کے دیگر شہروں سے آئی پی ٹی آئی کے ممبران کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ سب عمران خان کی سوچ اور نظریئے کی روشنی میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے جدوجہد کریں گے۔ سینئر رہنما شکیل گوہر نے تمام ساتھیوں کو یوم آزادی کی مبارک باد دی اور کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اجداد نے لازوال قربانیاں پیش کرکے آزادی حاصل کی تاکہ ہماری نئی نسلیں آزادی کی سانس لے سکیں۔ انہوں نے شہداء پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ سینئر رہنما میاں شعیب نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو شرم آنی چاہئے کہ کس طرح ہمارے آبائو اجداد نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملک کو آزاد کرایا اوراس پر حکومت کرنے والے اتنے بے حس ہو چکے ہیں کہ وہ آزادی کا سودا چند سکوں کے عوض کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے آزادی کے متوالوں کو پاکستان کا سرمایہ قرار دیا۔ سینئر رہنما راجہ طارق نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی میں اس لئے شامل ہوئے تاکہ پاکستان کو سازشی عناصر کے پنجے سے آزادی دلوا کر عوام کے حقوق کی پاسداری کریں اور ملک میں ہر شہری کو بنیادی حقوق میئر کئے جائیں۔ پروگرام میں سینئر رہنما سلیم میمن، ملک ریاض، میاں ارشد، بابا احسان، شیخ کاشف اور دیگر احباب نے آزادی پاکستان اور پی ٹی آئی کے ملک میں کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ نظامت کے فرائض آصف برلاس نے ادا کئے اور کہا کہ ہر شخص اپنے حصے کی آزادی کو پاکستان کی ترقی کے لئے وقف کرے۔ تقریب میں مہر مالک نے نبی اکرمﷺ کے حضو نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر آئے کارکنان نے پاکستان زندہ باد، پی ٹی آئی زندہ کے نعرے لگائے اور قومی نغموں پر بھنگڑے ڈال کر وطن کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔

تازہ ترین