• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ وقت مل کر چلنے کا ہے، قومی منصوبوں پر سیاست کسی صورت قبول نہیں، شہبازشریف

لاہور (نمائندہ جنگ)  وزیراعلیٰ پنجاب  شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سب کو ملکرکام کرنا ہے یہ وقت نفاق کا نہیں بلکہ اتفاق کا ہے، مل کر چلنے سے پاکستان آگے بڑھے گا۔ ’’میں ‘‘کی روش نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا ہے ۔ ملک و قوم کی خاطر ’’ہم ‘‘کے راستے پر چلنا ہوگا۔ قومی منصوبوں پر سیاست کسی صورت  قبول نہیں۔

پاکستان کے منصوبے ہم سب کے سانجھے منصوبے ہیں اورہمیں ملکر ان منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے تاکہ عوام ان منصوبوں سے پوری طرح فائدہ اٹھا سکیں، دامن کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے ، مخالفین انگلی نہیں اُٹھا سکتے۔ شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ رواداری، شائستگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دیا ہے۔

برداشت،تحمل اوربردباری کے جذبات کو فروغ دیکرہی پاکستان کو امن کا گہوارا اورترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنارکیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے،شفافیت اورکفایت شعاری کی پالیسی کے تحت بچائے گئے اضافی وسائل بھی عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوںپر خرچ کیے جارہے ہیں۔عوام کو ریلیف کی فراہمی اورمحروم معیشت طبقات کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہمارا مشن ہے اوراس مشن کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن کی آلائشوں سے پاک ہے۔ اربوں ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں میں ایک پائی کی بھی کرپشن سامنے نہیں آئی اور مخالفین بھی ہم پر انگلی نہیں اٹھاسکتے ۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے اور ہماری حکومت نے 4 برس کے دوران انتہائی شفافیت کیساتھ منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے اور منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا گیا ہے۔

صوبے بھر میں بڑے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ریلیف ملا ہے اورتیزرفتار ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اورملک ترقی کی نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کرنا ہے ۔ شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے شہداء کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔شہبازشریف نے شہید ہونے  والےسکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکار پاکستان کا فخر ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں اور قوم شہدائے وطن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد اور یکسو ہے۔ بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے پاکستانی قوم کے دہشت گردی کے خلاف پختہ عزم کو غیرمتزلزل نہیں کیا جاسکتا۔

تازہ ترین