• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی بادشاہ کی طرف سے ایک ہزار فلسطینیوں کو اپنے خرچ پر حج کرانیکااعلان

اسلام آباد (حنیف خالد) سعودی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایت پر فلسطینیوں کے ساتھ جذبہ خیرسگالی کے تحت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار لواحقین حج کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے خصوصی حج پروگرام کے سیکرٹری جنرل عبداللہ المدلج نے بتایا کہ حکومت نے 1438ھ کے موسم حج کے موقع پر ایک ہزار فلسطینی شہداء اسیران کے اہل خانہ کو فریضہ حج ادا کرانے کا اہتمام کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حسب روایت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کیلئے 1438ھ کے حج کے موقع پر سرکاری اخراجات پر حج کا اہتمام کریں۔ عبداللہ المدلج کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین کی طرف سے خصوصی حج اسکیم شروع کئے جانے کے بعد اب تک 15ہزار فلسطینی سعودی عرب کی میزبانی میں فریضہ حج ادا کر چکے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے حج امور کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کو ہرممکن سہولت فراہم کریں۔

ان کیلئے بہترین رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے۔ عراق سے حج کیلئے آنے والے افراد سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جن کا سعودی حکومت کی جانب سے بھر پور استقبال کیا گیاہے۔ عراقی عازمین حج کا پہلا قافلہ ارض مقدس پہنچ چکا ہے جس کا بھر پور شاندار استقبال کیا گیا ہے۔عراق سے آنے والے حجاج کرام نے شاندار استقبال اور انتظامات پر سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تازہ ترین