• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Todays Print

لاہور ،لالہ موسیٰ (نمائندگان جنگ) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آرٹیکل 62، 63  میں ترامیم کی بات  ویلے دی نماز تے کویلے دیاں ٹکراں والی بات ہے ،فی الحال آصف  زرداری اور نواز شریف کی ملاقات کا امکان نہیں ،جو کہتے ہیں پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ان کو جواب مل گیا ہے۔  نوازشریف ماضی کا قصہ بن اور ہارنےپر کھیل خراب کرنے  والاضدی بچہ بن گئے ہیں۔

نواز شریف کہتے ہیں الیکشن کے 4سال بعد وعدے پورے کر دیئے، بتائیں کون سے وعدے پورے کئے گئے؟ پاکستان کا قرضہ بڑھا کر دوگنا کر دیا تو کون سا وعدہ پورا کردیا۔  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  قمر زمان کائرہ نے کہا کہ فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں لیکن اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ بڑھ رہی ہے۔ آپ کے کاروبار بڑھتے جا رہے ہیں، آپ شفافیت کی باتیں کرتے ہیں۔

میٹرو بس ملتان اور دیگر منصوبوں میں جن کو رشوتیں دی گئیں چین کے ریگولیٹری فریم ورک نےان کمپنیوں کو پکڑ لیا ہے۔ عالمی ادارے معیشت کی کچھ اور کہانی سنا رہے ہیں۔ آپ آئندہ انصاف دینے کی بات کرتے ہیں  یہ باتیں تو پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی کرنا بنتی ہیں۔ آپ تو حکومت میں ہیں، کام کرکے دکھائیں۔ آرٹیکل 62، 63 کے حوالے سےآئین میں ترامیم کی بات اٹھارویں  ترمیم کے وقت ہوسکتی تھی  اب ویلے دی نماز تے کویلے دیاں ٹکراں والی بات ہے،اب یہ ڈرامہ نہیں چلے گا ۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال آصف علی زرداری اور نواز شریف کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔ چھوٹے میاں صاحب کہتے ہیں کہ ملکی دولت لوٹنے والوں نے ملک کو کنگال کر دیالیکن فیصلہ تو آپ کے خلاف آیا ہے۔ اب پتہ چلے گا کہ عدالتوں کے چکر کیا ہوتے ہیں۔

تازہ ترین