• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف میرے دل میں ابھی تک وزیر اعظم ہیں،عدلیہ پرتنقیدنہیں کی، ایازصادق

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نواز شریف ابھی تک میرے دل میں وزیراعظم ہیں اسی لئے نواز شریف کیلئے میرے منہ سے بار بار وزیراعظم ہی نکلتا ہے۔انہوں نے کبھی عدلیہ پر تنقید نہیں کی،پورا پاکستان ان کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت رائے ونڈ میں طویل مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف دوستوں اور شہریوں کے مطالبے پر جی ٹی روڈ کے راستے سے لاہور آئے تھے اور ان کو جو پذیرائی ملی وہ سب کے سامنے ہیں۔

مشاورتی اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں  انکا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اجلاس میں کسی ادارے سے تصادم کی نہیں ، اپنا حق لینے کی بات کی ہے،انہوں نے کہاکہ  اپنے حق کیلئے جوبھی جائز طریقہ ہو گااسے استعمال کیا جائے گا، سابق وزیر اعظم نے ریلی میں عدلیہ پر تنقید نہیں کی،پاکستان کا ہر حصہ نواز شریف کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے، نواز شریف ہر جگہ جائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس جگہ کے لوگ سابق وزیراعظم کو زیادہ شدت سے بلائیں گے وہ وہاں ضرور جائیں گے۔  آئین میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جو ہونا تھاوہ ہوچکا اب آگے دیکھنا ہے۔

جمعہ اور جمعرات کو الیکشن اصلاحات بل کے حوالے سے ملاقات ہوگی جس کیلئے 125 اجلاس ہوچکے ہیں۔  نواز شریف کی زیر صدارت  اجلاس میں  ایاز صادق کے علاوہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ، وزیراعلیٰ شہباز شریف، حمزہ شہباز، وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر ریلوے سعد رفیق، وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور دیگر لیگی رہنما بھی موجود تھے۔  مشاورتی اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تازہ ترین