• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے بھی سندھ میں نیب قوانین کو ختم کرنے کے بل کو عدالت میں چیلنج کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف نے بھی سندھ میں نیب قوانین کو ختم کرنے کے بل کو عدالت میں چیلنج کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے اب آئی ہے تیری باری، گو زرداری گو زرداری کا نعرہ بھی لگا دیا۔پاکستان تحریک انصاف نے بھی سندھ میں نیب قوانین کو ختم کرنے کے بل کو عدالت میں چیلنج کردیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کرپشن کو چھانے کیلئے نیب قوانین کو منسوخ کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ اسمبلی کے بل کو کالعدم قرار دے کر نیب قوانین کو بحال کیا جائے ۔ کرپٹ حکومت اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے زبردستی کے قوانین لا رہی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد بھی وفاقی و صوبائی حکومتوں کے فوجداری قوانین کا وجود برقرار ہے۔ اگر وفاقی و صوبائی فوجداری قوانین میں تضاد ہو تو وفاقی قانون کا اطلاق ہوگا۔ درخواست میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کا قانون ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

درخواستیں دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا پیپلز پارٹی کی نیب قانون ختم کرنے سے لگتا ہے ان کی نیت خراب ہے۔ سالانہ دس ارب ڈالر چوری ہوکر دبئی جاتا ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ سندھ میں پی پی نے قوانین کا حشر خراب کردیا۔ ان کا کہنا تھا جس طرح نواز شریف نے نیب کو تباہ کیا اسی طرح زرداری بھی نیب کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی نے کہا نیب کو سندھ میں کرپٹ افراد پر ہاتھ ڈالنے سے روکنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا وفاقی ادارے کو چوروں کو پکڑنے سے روکا جارہا ہے۔

اس پہلے ایم کیو ایم، تحریک انصاف، فنگشنل لیگ اور پاسبان بھی نیب قوانین کے خاتمے کے خلاف درخواستیں دائر کرچکی ہیں۔ ایم کیو ایم اور فنگشنل لیگ کی درخواستوں پر سماعت کل سندھ ہائیکورٹ میں ہوگی۔

تازہ ترین