• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھ شو گر ملوں اور میپکو افسران کیخلاف انکوائری کی منظوری، نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس

اسلام آباد(اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے زائد ادائیگیوں اور ٹھیکیداروں سے کک بیکس/کمیشن لینے کے الزام میں شیلاڈیہ ایسوسی ایٹس پاکستان اور اسکے افسران، پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور اختیارات سے تجاوز پر گوادرڈویلپمنٹ اتھارٹی(جی ڈی اے)کے افسران، قومی خزانہ کو 21.624 ارب روپے کا نقصان پہنچانے پر میسرز پاک کام (انسٹا فون) اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشن اراضی سکینڈل میں ملوث وزارت کی منیجنگ کمیٹی برائے انٹیریئر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، راجہ اکبر علی، اختیارات سے تجاوز اور بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف پنجاب ڈاکٹر مجاہد کامران، اختیارات سے تجاوز پر میپکو کے افسران، مشتبہ ٹرانزیکشن کے الزام پر سرکاری ٹھیکیدار عبدالغفار میمن ، اختیارات سے تجاوز اور جے پی ون کی فراہمی میں خوردبرد پر چیئرمین/ڈائریکٹر میسرز ایرو لوبا پرائیویٹ لمیٹڈ، فنڈز میں خوردبرد کے الزام میں 6شوگرملزمیسرز عبداﷲ شوگر ملز (سابقہ یوسف شوگر ملز) لاہور، میسرز عبداﷲ شوگر ملز دیپالپور/لاہور، میسرز ٹی ایم کے شوگر ملز کراچی، میسرز سیری شوگر ملز کراچی، میسرز تاندلیانوالہ شوگر ملز لاہور اور میسرز حسیب وقاص شوگر ملز لاہور کے خلاف مختلف انکوائریوں کا فیصلہ کیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔ اجلاس میں فاٹا میں 22 کلومیٹر بارنگ روڈ کی تعمیر کے مقدمہ میں شیلاڈیہ ایسوسی ایٹس پاکستان، اس کے افسران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر زائد ادائیگیوں اور ٹھیکیداروں سے کک بیکس/کمیشن لینے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 89.959 ملین روپے نقصان ہوا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے جی ڈی اے کے افسران اور دیگر کےخلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ ملزمان پر پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور اختیارات سے تجاوز کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 45 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں میسرز پاک کام (انسٹا فون) اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔

ملزمان پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو بقایا جات کی عدم ادائیگی کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 21.624 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ نے وزارت کی منیجنگ کمیٹی برائے انٹیریئر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی، راجہ اکبر علی اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا، ملزمان پر وزارت کی منیجنگ کمیٹی برائے انٹیریئر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی طرف سے ادائیگیوں کے مقابلہ میں کم اراضی فراہم کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 144 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف پنجاب ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی‘ایگزیکٹو بورڈ نے میپکو کے افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی، ملزمان پر اختیارات سے تجاوز کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 50 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں چیئرمین / ڈائریکٹر میسرز ایرو لوبا پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی، ملزمان پر اختیارات سے تجاوز اور جے پی ون کی فراہمی میں خورد برد کا الزام ہے، ایرو لوبا پرائیویٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ نے ممنوعہ جے پی ون ایوی ایشن کو فراہم کرنے کی بجائے کھلی مارکیٹ میں فروخت کی جس سے قومی خزانہ کو 2370 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

تازہ ترین