• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس،عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ

لاہور (پرویزبشیر) سابق وزیراعظم نواز شریف نےاسلام آباد سے لاہور تک اپنی ریلی اور لاہور میں  اختتامی جلسہ کے بعد ایک بار پھر ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس کا مقصد عوامی رابطہ مہم جاری رکھنا اور سپریم کورٹ سے ان کی نااہلی کے فیصلے پر اپنے موقف سے آگاہ کرنا اور ان کے جذبات سے آگا ہی حاصل کرنا ہے۔

دوسرے اجلاس میں این اے 120 کے ضمنی انتخابات کے بارے میں حکمت عملی اور انتخابی مہم پر غور کیا گیا۔رابطہ مہم کے سلسلے میں  چاروں صوبوں کے دورے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔گزشتہ روز رائے ونڈ میں نوازشریف کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر دو اہم اجلاس ہوئے۔ ایک اجلاس میں نوازشریف، شہباز شریف، گورنرپنجا ب  رفیق رجوانہ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، پرویز رشید، زاہدحامد، عرفان صدیقی، حمزہ شہباز، انوشہ رحمٰن، رانا ثناء اللہ اور رانا مقبول نے شرکت کی۔ پہلے اجلاس میں نواز شریف کی عوامی رابطہ مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، اس میں اس بات پر تفصیلی غور کیا گیا کہ عوام رابطہ مہم کے سلسلے میں کون سے طریقہ کار زیادہ موزوں اور مناسب رہیں گے۔

ایک تجویز یہ تھی کہ اسلام آباد سے لاہور تک جس انداز میں ریلی کامیاب رہی ہے یہ سلسلہ جاری رکھا جائے اور لاہور سے ملتان یا لاہور سے فیصل آباد یا اسلام آباد سے فیصل آباد تک ریلی نکالی جائے تاہم بعض شرکاء کی رائے تھی کہ بار بار ریلی کا سلسلہ سکیورٹی کے حوالے سے نامناسب اور بعض حالات میں خطرناک ہو سکتا ہے اس لیے ان بڑے شہروں میں جلسے کیے جا سکتے ہیں۔

نواز شریف نے دونوں تجاویز سن کر کہا کہ ان دونوں تجاویز میں سے کون سا طریقہ اپنایا جائے گا اس پر فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں قانونی معاملات اور آپشنز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور کہا گیا کہ عدالتوں سے ہم انصاف کی توقع رکھتے ہیں۔

تازہ ترین