• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف حکومت نےمیرٹ کی دھجیاں اڑادیں، جونیئر افسر سیکریٹری اسمبلی تعینات

پشاور( گلزار محمد خان / نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 20گریڈ کے سینئر ترین آفیسر کو نظر انداز کرکے جونیئر آفیسر نصر اللہ کو سیکرٹری اسمبلی تعینات کردیا جبکہ اسپیکر اسد قیصر نے سیکرٹریٹ کے مالی و انتظامی اختیارات بھی اسی منظور نظر افسر کو سونپ دیئے تاہم اسپیکر اسد قیصر کا کہنا ہےکہ قواعد کے مطابق فیصلہ کیا ۔

صوبہ کیلئے قوانین بنانے والی قانون ساز اسمبلی میں قواعد و ضوابط اور میرٹ کے برعکس تقرریوں نے آئینی ادارے کے کردار کوسوالیہ نشان بنا دیا ہے، اسپیکر اسد قیصر نے نئے سیکرٹری کی تعیناتی کو حاصل اختیارات کے عین مطابق قرار دیا ہے جبکہ نظر انداز ہونیوالے ایڈیشنل سیکرٹری کفایت اللہ آفریدی نے اسپیکر کے اقدام کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ نصر اللہ کی اے سی آر میں نے لکھی وہ کیسے مجھ سے سینئر ہوگئے ہیں ،اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گریڈ20میں مستقل ترقی پانے والے سینئر ترین آفیسر کفایت اللہ آفریدی کی بجائے اسپیکر صوبائی اسد قیصر نے گریڈ 19کے ایڈیشنل سیکرٹری اور اسمبلی پالیسی کے تحت گریڈ 20 حاصل کرنیوالے آفیسر نصر اللہ خٹک کو سیکرٹری اسمبلی تعینات کر دیا ہے ،ذرائع کے مطابق صوبہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گریڈ19کے جونیئر آفیسر کو سیکرٹری اسمبلی تعینات کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اس وقت خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں گریڈ 20میں سب سے سینئر ترین آفیسر کفایت اللہ آفریدی ہیں جو عرصہ10سال سے گریڈ 20 میں مستقل سینئرایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ تعینات ہونے والے سیکرٹری اسمبلی ایڈیشنل سیکرٹری  ہے جنہیں 2سال قبل اسمبلی پالیسی کے تحت گریڈ19 سے پرسنل گریڈ20دیا گیا تاہم اسمبلی قواعد و ضوابط کے مطابق پرسنل گریڈ20حاصل کرنے والے آفیسر کے پاس اختیار اور ذمہ داری گریڈ19آفیسر کی ہوتی ہے، واضح رہے کہ سپیکر اسد قیصر نے تقریباًدو سال قبل ہی سیکرٹری اسمبلی امان اللہ خان سے انتظامی اور مالی اختیارات لیکر نصر اللہ خان  کو دئیے تھے جو تاحال ان کے پاس ہیں، اس سلسلے میں جب سپیکر اسد قیصر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ’’ جنگ ‘‘ کوبتایاکہ اسمبلی کے مروجہ طریقہ کار کے مطابق محکمہ انتظامیہ نے نئے سیکرٹری اسمبلی کی تعیناتی کیلئے انہیں جو سمری ارسال کی تھی اس میں کفایت اللہ آفریدی، نصر اللہ اور عطاء اللہ کے نام درج تھے جس پر انہوں نے اسمبلی قواعد کے مطابق حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے تین ناموں میں ایک نام کا انتخاب کیا، دوسری جانب نظر انداز ہونیوالے سینئر ترین ایڈیشنل سیکرٹری کفایت اللہ آفریدی نے ’’ جنگ‘‘ کو بتایا کہ سپیکر کے اقدام کیخلاف وہ عدالت جائیں گے کیونکہ فیصلہ میرٹ کو بالائے طاق رکھ کر کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ جس ایڈیشنل سیکرٹری کو سیکرٹری اسمبلی تعینات کیا گیا ہے اس کی اے سی آر میں نے لکھی ہے پھر وہ کیسے مجھ سے سینئر ہوگئے ہیں ۔

تازہ ترین