• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر بھارتی چنگل میں ہے، قیام پاکستان کے مقاصد اب تک حاصل نہیں کئے جاسکے ، مختلف رہنما

مانچسٹر (علامہ عظیم جی)پاکستان کا قیام اللہ کی رضا اور نگاہ لطف و کرم حبیب کبیریاﷺ اور فیضان اولیائے کرام کے باعث ہوا تحریک پاکستان کی جدوجہد کلمہ طیبہ کے نام سےکامیاب رہی اور تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے متحد ہوکر جدوجہد کی۔ آج 70سال آزادی کو ہوگئے لیکن اہل پاکستان مقاصد قیام پاکستان کو حاصل نہیں کرسکے یہ لمحہ فکریہ ہے ۔پاکستان کی شہ رگ مقبوضہ کشمیر اب تک بھارتی چنگل میں ہے اور جذبہ حب الوطنی پاکستان سے سرشار مقبوضہ کشمیر کے کشمیری عوام جانی مالی قربانیاں دے رہے ہیں ہم ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارمختلف کمیونٹی رہنماؤں نے چیتھم ھل نارتھ مانچسٹر میں زندہ پیر گھمگھول اور سیدنا حمزہ روحانی سوسائٹی کی مشترکہ تقریب یوم آزادی اور محفل ذکرمیں کیا جس کا اہتمام محمد عدنان پرویز، محمد سلمان اور اعجاز ملہی نے کیا تھا ۔ مقررین میں سیدنا حمزہ روحانی سوسائٹی کے صدر استاد محمد صفدر، روحانی پیشوا اور سماجی رہنما ماسٹر غلام رسول خلیفہ، سابق خطیب قاری عبدالمالک نقشبندی،پروفیسر شیراز شیرازی، پیس ایمبسڈر افتخار بٹ اور دیگر شامل تھے۔ان رہنماؤں نے تحریک آزادی پاکستان اور بقائے پاکستان کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایصال ثواب بھی کیا۔

سیدنا حمزہ روحانی سوسائٹی کے صدر استاد محمد صفدر نے کہا کہ 70ویں سالگرہ پر پوری قوم کو مقاصد پاکستان کو یاد کرکے اسے مکمل کرنے کا عہد کرنا چاہئے اور پاکستان میں سیاسی خلفشار، بداخلاقی، سیاسی انتشار کا خاتمہ کرکے باکردار لوگوں کو حکمراں بنانے کی سعی کرنی چاہئے اور پاکستان میں تمام مکاتب فکر، مسالک کو یک جان ہوکر اس ملک کی بقا ترقی خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہئے۔ قاری عبدالمالک نقشبندی نے کہاکہ پاکستان کا قیام کلمہ طیبہ کے نام پر ہوا اس کا قبلہ درست کرکے حضورپرنور سرورکونینؐ کے اسوۂ حسنہ، اخلاق اعلیٰ پر مبنی نظام مصطفیٰؐ قائم کرناچاہئے، انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ پروفیسر شیراز شیرازی نے کہا کہ بارگاہ الٰہی سے پاکستان ایک انمول تحفہ ہمیں ملا ہے ہمیں اسکی ترقی خوشحالی اور آنے والی نسلوں کے لئے جنت زار بنانا چاہئے۔

رابطہ سیکرٹری تقریب چوہدری اعجاز ملہی نے کہا کہ قائداعظمؒ کے پاکستان کو ہم سنبھال نہیں سکے، کرپشن کا خاتمہ، سیاست میں سنجیدگی صرف اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی لائی جاسکتی ہے، انہوں نے اس موقع پر زندہ پیر گھمگھول اور اولیائے پاک و ہند کی قیام پاکستان کے لئے کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانیوں کو اپنے وطن کو خوشحال، ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ میزبان محمد عدنان پرویز نے کہا کہ نوجوان نسل کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہونا چاہئے اور مقاصد قیام پاکستان سے آگاہ کرنا چاہئے۔ پیس ایمبسیڈر افتخار بٹ نے کہا کہ پاکستان میں میثاق مدینہ طرز کا معاشرہ قائم کرکے تمام مسالک، مکاتب فکر اور غیرمسلموں کو متحد کیا جائے۔

روحانی پیشوا خلیفہ غلام رسول نے تمام شہداء اور بقائے پاکستان اورکشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کرائی، اس موقع پر مختار صدیقی، غلام غوث، حاجی عبدالعزیز، محمد اجمل، شیخ شاہد اقبال، جاوید اقبال، ظفر اقبال، شبیراحمد، حسنین علی، شعیب سلمان و دیگر بھی شریک تھے۔ آخر میں محمد سلمان نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یوم آزادی کی 70ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

تازہ ترین