• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ترقی مل کر رہنے میں ہے، سلطان حیات

لندن (وقار زیدی) دنیا بھر میں پاکستان کا70واں یوم آزادی قومی جوش جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے جشن آزادی کی پروقار تقریب لندن سائوتھ آل کے مقامی ہوٹل میں ہوئی جس کا اہتمام معروف سماجی و کاروباری شخصیت سلطان حیات نے کیا۔ تقریب میں پاکستان کی کمیونٹی کے سرکردہ رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ میزبان سلطان حیات نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوش حالی و سلامتی آپس میں مل کر رہنے میں ہے، ہمیں اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کی مضبوط فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔

ماہر قانون دان بیرسٹر صبغت اللہ قادری (کیوسی) نے پاکستانی قوم کو70ویں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات پاکستان کی طرح دنیا میں جہاں جہاں پاکستانی آباد ہیں اپنے طور پر منا رہے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں پاکستانی قوم نے خاص کر نوجوان نسل نے پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا۔ آج برطانیہ اور دوسرے ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور پولیس کی وحشیانہ زیادتیوں پر خاموش نہیں رہ سکتے ہم بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ ملک سہیل اختر رہنما اے این پی نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان معاشی و سیاسی لحاظ سے دنیا میں اپنا بہترین امیج بنائے گا۔

شوکت ڈار نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ جشن آزادی کی مبارک باد دی۔ جشن آزادی کی اس تقریب میں چوہدری رحمت علی، کمیٹی کے چیئرمین چوہدری ظفر، راجہ ارشد، شکیل صدیقی، قیصر بھٹی، رومی ملک، مظہر حیات، حبیب جان، وجاہت علی خان، احسان شاہد، نسیم صدیقی، سہیل وڑائچ، اختر، عادل بٹ، قدیر جاوید، علی جکھرانی، سعد جھکرانی، اقبال بٹ، انعام سہگل، نسیم صدیقی، ملک اعوان اور پاکستان کمیونٹی کے دیگر لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔

تازہ ترین