• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامع مسجد غوثیہ والتھم سٹو کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان پر تقریب

لندن (پ ر)جامع مسجد غوثیہ لی برج روڈ والتھم سٹو کے زیراہتمام یوم آزادی پاکستان کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز خطیب مسجد بلال رضا عطاری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت رسولؐ مقبول کی سعادت حافظ شاہ محمد اور عدنان قادری نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری راجہ محمد الیاس اور نائب صدر چوہدری عبدالمجید نے ادا کئے۔ ہال کے سٹیج اور ہال کے دونوں اطراف دیواروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور قائداعظم کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔

دینی، ادبی، کھیل اور صحت کے حوالے سے مسجد کمیٹی کے ارکان ممبران کے علاوہ، مختلف سماجی شخصیات جن میں امجد مرزا، ڈاکٹر عدیل، راجہ طارق خان، قاضی نذیر، مرتضیٰ علی، چوہدری دلپذیر، محمد الیاس، راجہ حبیب اکرم، مسٹر لطیف، ندیم علی مرحوم، رشید اختر، جواد اجمل، ساجدہ ضیاء راجہ سلیم خان کو اعزازی شیلڈز دی گئیں، اس موقع پر یونس ڈھویا نے چمٹے کے ساتھ گیت پیش کیا۔ چوہدری دلپذیر نے سیف الملوک کے اشعار پیش کئے۔ پاکستان ہائی کمیشن سے آئے ہوئے سفارت کار جواد اجمل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ملک میں مقیم پاکستانی اور کشمیری لوگ پاکستان کے سفیر ہیں جنہیں پاکستان کے امیج کو اپنے اخلاق اور کردار سے بہتر بنانا ہے۔مسجد کمیٹی کے صدر حاجی محمد رمضان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

سابقہ میئر کونسلر لیاقت علی، راجہ محمد الیاس، چوہدری عبدالمجید، امجد مرزا، ڈاکٹر ظفر، چوہدری دلپذیر، رشید اختر، ساجدہ ضیاء وغیرہ نے اپنے اپنے خطابات میں یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخر میں تمام شرکاء کی لذیذ کھانوں اور مشروبات سے تواضع کی گئی۔

تازہ ترین