• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل ضیاالحق مرحوم تحریر:ذوالفقار علی…لندن

سابق صدر اور فوجی حکمران جنرل ضیاء الحق مرحوم پاکستان کے فوجی حکمرانوں میں مضبوط قوت ارادی کے مالک، نڈر، بے باک، دور اندیش، معاملہ فہم اور سمجھدار فوجی حکمران تھے۔ بھارت جو پاکستان کے وجود کا ازلی مخالف اور اس کے سدا ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے درپے ہیں۔ مگر جنرل ضیاء الحق مرحوم نے ہمیشہ، اپنی سیاسی دوراندیشی سے جنوبی ایشیا میں اس بڑے طاقتور، جمہوریہ کو نہ صرف پیچھے دھکیل دیا بلکہ انہیں پیچھے ہٹنے اور سیاسی شکست سے دوچار کیا۔ اپنے گیارہ سالہ طویل فوجی دور حکمرانی میں ضیاء الحق کے ارادے کبھی متزلزل نہیں ہوئے۔ اس کی کامیاب فوجی اور سیاسی حکمت عملی نے پاکستان کے طاقتور خفیہ اداروں کو بہت مضبوط کیا۔ جس نے روس کے فوجوں کے چھکے چھڑا دیئے۔ جنرل ضیاء الحق مرحوم کی سیاسی دور اندیشی نے ہمیشہ، پاکستان کے وجود کو ملیا میٹ کرنے والوں کو ان کے گھروں میں محصور اور شکست سے دوچار کیا۔ جنرل ضیاء الحق مرحوم کا دور حکومت بھی کوئی زیادہ مثالی(idealism) کا نمونہ تو نہیں تھا اور پاکستان میں درون خانہ، دھماکے، بدامنی، روز کا معمول تھا مگر اس وقت پاکستان بیرونی محاذوں پر کئی عالمی سپر طاقتوں سے بھی برسر پیکار تھا۔ مشرقی سرحوں پر بھارت ہمیں اپنا تر نوالہ بنانا چاہتا تھا۔ مغربی سرحدوں پر روس ہماری اینٹ سے اینٹ بجانے کا شدید پیاسہ تھا اور وہ امریکہ افغان دوستی کا انتقام لینے کی تاک میں تھا۔ بعض اسلامی ممالک بھی ضیاء الحق کے بھٹو مخالف، نظریات، بھٹو حکومت کی اصلاحات ختم کرنے پر، مرحوم صدر ضیاء الحق سے کچھ ناراض تھے۔ جنرل ضیاء الحق مرحوم کے فوجی دور حکومت میں پاکستان اندرون اور بیرون ملک کئی خطرات میں گھرا ہوا تھا اور روس کا کمیونزم بھی اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے فوجی، سیاسی، نظریاتی انتقام کی آگ کی جوش میں آگ بگولہ تھا۔ جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت میں پاکستان کئی، بیرونی، اندرونی، محلاتی سازشوں کا شکار اور بے پناہ، چیلنجز کا سامنا کر رہا تھا۔ آج پاکستان کی خفیہ ایجنسیاں، جنرل ضیاء الحق مرحوم کی سیاسی اور دانا ذ ہنی حکمت عملی سے کسی بھی اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بناتے اور بے پناہ مضبوط ہو چکے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق کی سیاسی اور ملکی خدمات اپنی جگہ قابل تعریف ہیں۔ ان کی بعض شدید سیاسی غلطیاں اور باقیات آج بھی ریاست پاکستان کے لئے ناسور بن چکے ہیں۔ جنرل ضیاء الحق مرحوم کے فوجی دور حکومت، بلدیاتی نظام حکومت کے سرکاری فنڈز میں اس وقت کے عوامی نمائندوں نے بدعنوانی اور بددیانتی سے سرکاری وسائل کا غلط استعمال کیا۔ جس سے حکومتی اقدامات پر پاکستان کے دیانت دار سیاسی مذہبی حلقوں کی طرف انگلیاں بھی اٹھائی گئی۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے عوامی نمائندوں نے بھی لوٹ مار اور کرپشن کی، اثاثے بنائے، کسی کا بھی احتساب نہیں ہوا یہ ساری مالی بدعنوانیاں مرحوم صدر ضیاء الحق کے فوجی دور حکومت کی کارکردگی اور عدم چیک اینڈ بیلنس یعنی عدم باز پرسی اور سرکاری احتسابی نظام کی ناقص کارکردگی پر آج تک سوالیہ نشان ہے تاہم اپنی ذات میں مرحوم صدر جنرل ضیاء الحق ایک دیانت دار، ایماندار شخصیت اور مضبوط، نڈر فوجی حکمران تھے۔ انتہائی، یوسی، خوف، الم اور خطرات کے باوجود جنرل ضیاء الحق ہمیشہ بہادری سے ڈٹے رہے اور کبھی معمولی بزدلی کا مظاہرہ بھی نہیں کیا ضیاء الحق مرحوم ایک مذہبی، صوم و صلوٰۃ کے پابند آدمی تھے۔ اگرچہ فوجی اور آمرانہ ذہن کے فوجی حکمران تھے۔ مگر کبھی مذہب، مدارس، مساجد، جہادی تنظیموں اور مذہبی جماعتوں کے خلاف چلے، نہ کوئی مخالف اسلام اقدامات کئے۔ بلکہ ان تمام عناصر اور اداروں کو ساتھ لے کر چلے۔ اس لئے ان کے خلاف کبھی عوامی غیظ و غضب یا غصہ اور مخالف آواز نہیں آئی۔ پاکستان میں 1984-85ء میں پہلی مرتبہ ناظمین زکوٰۃ اور ناظمین صلوٰۃ کا آغاز مرحوم جنرل ضیاء الحق نے کیا۔ زکوٰۃ کو سرکاری سطح پر رائج کیا ناظم صلوٰۃ کا تقرر سرکاری طور پر ہوا۔ شریعت عدالتیں اسلامی نظام کا دھیرے دھیرے نفاذ صدر ضیاء الحق مرحوم نے شروع کیا۔ یہی اصلاحات پاکستان میں اسلامی نظام اور انقلاب کی طرف پہلی اور مثبت پیش قدمی تھی۔ اگر زندگی وفا کرتی تو پاکستان میں حقیقی اسلامی نظام اور انقلاب نوشتہ دیوار ہوتا۔ مرحوم صدر ضیاء الحق پاکستان کے سیاسی اور فوجی حکمرانوں میں ایک عہد ساز شخصیت ہے۔ نوٹ:17اگست کو ضیاء الحق مرحوم کی برسی کی تاریخ ہے اس لئے راقم خاکسار نے ضیاء الحق مرحوم کے بعض اچھے اقدامات پر لکھنا مناسب سمجھا جو مجھ خاکسار کی ایک ادنیٰ کوشش ہے۔ میں یہ بھی نہیں کہتا یا سمجھتا کہ مرحوم صدر جنرل ضیاء الحق ایک مثالی حکمران تھے بہرحال میرے محترم قارئین کو ایک حکمران کی بعض اچھی پالیسیوں اور کارناموں کی ایک ادنیٰ جھلک دکھانی تھی۔

تازہ ترین