• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روات کے علاقہ میں مکان سے 2خواتین اور بچی کی کئی روز پرانی لاشیں برآمد

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ روات کے علاقہ میں ایک مکان سے دوخواتین اورایک بچی کی کئی روزپرانی لاشیں ملی ہیں،پولیس کے مطابق لاشیں نانی ،بیٹی اورنواسی کی ہیں جو چار،پانچ دن پرانی معلوم ہوتی ہیں اورانتہائی خستہ حال اورسیاہ ہوچکی ہیں۔ذرائع کے مطابق روات کے مضافاتی علاقہ جھمٹ گاؤں کے گھرسے بدبوآنے پراردگردکے رہائشیوں نے گاؤں کے نمبردارکوآگاہ کیاجس پرنمبردارعبدالخالق نے پولیس کواطلاع دی ۔اس پرایس ایچ اورروات انسپکٹرمحمدبشارت عباسی دیگراہلکاروں کے ہمراہ موقع پرپہنچے ،جہاں گھرکے باہرتالے لگے تھے جب پولیس اورعلاقہ کے لوگ تالے توڑکرگھرکے اندرداخل ہوئے تووہاں تین خستہ حال لاشیں پڑی تھیں ۔پولیس کے مطابق لاشیں 60سالہ منیرہ جان ،30سالہ ناصرہ عمران اوراس کی چھ سالہ بیٹی مسکان کی ہیں ،بتایاجاتاہے کہ ناصرہ کاخاوند عمران حنیف انگلینڈمیں مقیم ہے ۔جب کہ ناصرہ کے بارے بتایاجاتاہے کہ روات کے علاقہ میں اس نے ایک بیوٹی پارلر بنارکھاتھااور وہ گذشتہ کئی روزسے بیوٹی پارلرنہیں آرہی تھی جس پراس کے ساتھ کام کرنے والی لڑکیوں کوتشویش ہوئی اوروہ اس کاپتہ کرنے اس کے گھرگئیں تووہاں تالہ لگاتھااورعلاقہ میں تعفن اوربدبوپھیلی ہوئی تھی جس پرانہوں نے اڑوس پڑوس سے معلوم کیاتوانہیں بتایاگیاکہ مکان پرکئی روزسے تالہ پڑاہے۔ایچ آئی یوصدرسرکل کے سب انسپکٹرظہیرالدین بابرنے جنگ کوبتایاکہ روات کے علاقہ میں مقتولہ خاتون ناصرہ کااپنابیوٹی پارلرتھاجہاں وہ آخری بارجمعہ کوگئی جس کے بعدوہ وہاں نہیں گئی ،اس کی ماں اوربیٹی کے گلے بہت کس کرباندھے گئے ہیں اوربظاہرایسامعلوم ہوتاہے کہ ان کے گلے کسی چیزسے باندھ کرانہیں موت کے گھاٹ اتاراگیا لیکن چوں کہ لاشیں کافی گلی سڑی ہوئی ہیں اس لئے پوسٹ مارٹم کے بعدہی پتہ چلے گاکہ انہیں کس طرح اورکس چیزسے قتل کیاگیا۔پولیس کے مطابق ناصرہ نے اپنے شوہرسے خلع لے لی تھی مکان کی چھت سے شراب کی دوبوتلیں بھی ملی ہیں پولیس نے گھرسے شواہدجمع کئے ہیں اورفرانزک رپورٹ کے بعدقتل بارے معلومات ملنے کی توقع ظاہرکی جارہی ہے پولیس کاکہناہے کہ بظاہرگھرکے حالات سے ڈکیتی کے شواہدنظرنہیں آتے ۔ادھربتایاجاتاہے کہ جھمٹ گاؤں کے اکثرلوگ انگلینڈمیں مقیم ہیں اوریہاں کے لوگ کافی پیسے والے ہیں اوریہاں نہایت عالیشان کوٹھیاں اورمکانات بنائے گئے ہیں۔
تازہ ترین