• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب، شریف فیملی کل طلب، نوا زشریف، حسین، حسن اور طارق شفیع سے العزیزیہ اسٹیل کے متعلق تفتیش ہوگی

Todays Print

اسلام آباد(طاہر خلیل+زاہدگشکوری)قومی احتساب بیورو (نیب )نے حسین نواز اور شریف فیملی کے دیگر ممبران کو کل 18اگست کو طلب کرلیا ہے ۔اس کے علاوہ اسحاق ڈار اورطارق شفیع کو بھی طلب کیا گیا ہے‘ نیب کے حکام ان سے سوالات اور جواب پوچھیں گے اور ان سارے کیسز کی تفصیلات مانگی جائیں گی جو جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کو دی تھیں‘نوازشریف ‘حسن ‘ حسین نوازاورطارق شفیع سے العزیزیہ اسٹیل کے متعلق تفتیش ہوگی جبکہ اسحاق ڈار سے آمدن اوراثاثوں کے بارے میں پوچھا جائے گا۔

ا س کے علاوہ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نیب  آرڈنینس کی شق کے تحت باہمی قانونی رہنمائی کےلئے کچھ بیرون ممالک یا دوسرے ممالک سے ان کیسز کے حوالے سے مدد مانگی ہے ۔ اس کے علاوہ شریف خاندان کے ذرائع سے بات ہوئی توا نہوں نے کہا کہ اس بارے میںہمیں کوئی معلومات نہیں ہیں اور کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ قومی احتساب بیورو سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز ، حسین نواز، حسن نوازوزیرخزانہ اسحاق ڈار اور ایم این اے کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدرکےخلاف راولپنڈی/اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرےگااورسپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انھیں چھ ماہ میں ان کافیصلہ کرنا ہے ۔

باخبر افسران کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم اور ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نثار مرزا کے تعاون سے نیب اسلام آباد کے سینئرافسران ان ریفرنسزکے حتمی مسودے پر کام کررہے ہیں ۔تفتیش کارنیب آرڈیننس 1999 کی شق 9،10،اور15 کے تحت  لندن میں شریف خاندان کے چار فلیٹس کے علاوہ  دیگر16 کمپنیوں کے بارے میں بھی تحقیقات کررہےہیں۔عزیزیہ اسٹیل کمپنی اور ہِل میٹل اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سےوہ ادارے یہ ہیں۔  (i) فلیگ شپ انوسٹمنٹ لمیٹڈ، ہارٹ اسٹون پراپرٹیز لمیٹڈ، کوہولڈنگز لمیٹڈ، کونٹ ایڈن پلیس ٹو لمیٹڈ،کونٹ سیلون لمیٹڈسابقہ کونٹ ایٹون پلیس لمیٹڈ، کونٹ لمیٹڈ، فلیگ شپ سیکیورٹیز لمیٹڈ، کونٹ گوسیسٹرپلیس لمیٹڈ، کونٹ پیڈنگٹن لمیٹڈ(سابقہ ریواٹس اسٹیٹ لمیٹڈ)، فلیگ شپ ڈویلپمنٹس لمیٹڈ،الاناسروسز لمیٹڈ، لنکن ایس اے (بی VI)،شیڈرن کارپوریشن،انسبچر کارپوریشن، کومبر کارپوریشن اورکیپٹل ایف زیڈ ای (دبئی)ان سب  کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے ‘اسی قانون کے تحت وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی ریفرنس کاسامنا کریں گےکیونکہ سپریم کورٹ کاکہناہےکہ مختصرعرصے میں ان کی آمدنی میں 91گنا (90لاکھ روپے سے 83کروڑدس لاکھ روپے) اضافہ ہوا۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف خاندان کیخلاف چار ریفرنسز کی تیاری کیلئے 2مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ‘مشترکہ تحقیقاتی ٹیم لاہور کی سربراہی میجر(ر)شہزاد سلیم جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم راولپنڈی کی سربراہی ڈائریکٹرنیب راولپنڈی رضوان احمدکررہے ہیں‘نیب لاہوراسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس تیارکرے گی ‘اس ضمن میں نیب لاہورنے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اوراسحاق ڈار کے اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کردیاہےاورایس ای سی پی کو بھی خط لکھ دیا ہے جس میں اسحاق ڈار اور اہل خانہ کی کمپنیوں کا رکارڈ طلب کیا گیا ہے‘ادھر نیب راولپنڈی شریف فیملی کے چارفلیٹس اور16 کمپنیوںکی تحقیقات کرے گا‘نیب راولپنڈی کی ٹیم العز یز یہ اسٹیل کمپنی کی تحقیقات کرے گی۔ذرائع کے مطابق نیب لاہورنے طارق شفیع کو بھی طلب کرلیا ہے۔

تازہ ترین