• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ ،جیونے ہمیشہ کمیونٹی کی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائی، افضل خان ایم پی

مانچسٹر (نمائندہ جنگ) یورپ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جیو ٹی وی کی15ویں سالگرہ پر بہت مسرور ہے۔کمیونٹی کا کہنا تھا کہ جیو نے ہمیشہ تحقیق اور تصدیق کی صحافت پر یقین رکھتے ہوئے نہ صرف عوام کو بروقت اور سچی خبریں پہنچائیں بلکہ کمیونٹی کی آواز کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا اور کئی مسائل کے حل میں عوام کی آواز بنا۔ جیو ٹی وی کے انٹرٹینمنٹ پروگرام بھی عوام کی توجہ کا مرکز ہیں۔معروف بزنس مین چوہدری سعید عبداللہ کی جانب سے جیو ٹی وی کی15ویں سالگرہ کے موقع پر شیڈو منسٹر برائے امیگریشن محمد افضل خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں میر شکیل الرحمٰن کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے15سال پہلے ایک ایسا چینل کھولا جو عوام کی ترجمانی کرتا ہے۔

پاکستان سمیت یورپ، برطانیہ کے دیگر ممالک میں نمبر1چینل ہے اور پاکستان کمیونٹی کے علاوہ دوسری کمیونٹیز بھی خاندان کے ساتھ شوق سے جیو ٹی وی کے پروگرام دیکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں الیکٹرانک میڈیا نے بڑی پیش رفت کی ہے ،دنیا کے ساتھ ساتھ چلنے کے لئے مقابلہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ پوری دنیا میں جیو نے اپنا ایک مقام بنایا ہے، روزنامہ جنگ بھی قابل تحسین ہے جو پاکستان سمیت برطانیہ، یورپ کے ممالک میں مقبول ہے۔ اس موقع پر سابق لارڈ میئر کونسلر نعیم الحسن، کونسلر عابد چوہان، کونسلر آفتاب رزاق، کونسلر چوہدری محمد اعجاز، ارشد اشرف، ڈاکٹر اجمل، باسط شیخ، کونسلر علی الیاس اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بڑی خوشی ہے کہ پاکستان کا نمبر ون ٹی وی چینل جس نے پوری دنیا میں اپنا ایک مقام بنایا ہے ، جہاں جہاں پاکستانی کمیونٹی آباد ہے وہاں کمیونٹی جیو ٹی وی کو ضرور دیکھتی ہے۔

رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے جدید دور میں میڈیا کا ایک اہم کردار ہے جس سے تمام کمیونٹی کو فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے حوالے سے کہا کہ برطانیہ میں انتخابات میں اور دیگر معاملات سمیت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جیو ٹی وی نے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ،پوری پاکستانی کمیونٹی اس ادارے کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ برطانیہ بھر میں روزنامہ جنگ اور جیو پاکستان کے حقیقی معنوں میں سفیر ہیںاور پاکستان کی بھرپور انداز میں نمائندگی کررہے ہیں۔ اس موقع پر چوہدری سعید عبداللہ نے شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جیو ٹی وی کی15ویں سالگرہ کا اہتمام اس لئے ضروری ہے کہ یہ چینل پاکستان کی آواز پوری دنیا میں پہنچارہا ہے، ہمیں چاہئے کہ پاکستان کے ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ یہ ادارے ملک اور قوم کی مزید خدمت کریں۔ اس موقع پر جیو ٹی وی کی15ویں سالگر ہ کا کمیونٹی رہنمائوں نے کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں بچوں کیلئے کھیل کیلئے انتظامات بھی کئے گئے تھے اور پاکستانی کھانوں کی بے شمار ڈشز کا انتظام بھی موجود تھا۔

تازہ ترین