• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولیاء کاملین نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کا درس دیا، پیر حسام الدین

بریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) غوثیہ چشتیہ اسلامک ٹرسٹ اکیڈمی میں مشائخ چکوڑی شریف کا سالانہ عرس نہایت تزک و احتشام سے منایا گیا۔ صاحبزادہ پیر سید حسام الدین شاہ عباسی الہاشمی کی زیر صدارت ہونے والے عرس میں پیر مزل حسین شاہ جماعتی مہمان خصوسی تھے۔

اس موقع پر پیر سید حسام الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء کاملین نے ہمیشہ امن و محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے، مشائخ چکوڑی شریف کا طرہ امتیاز ہے کہ انہوں نے ہمیشہ شریعت کو مقدم رکھا اور لوگوں کو صراط مستقیم پر گامزن کیا۔ پیر سید مزمل حسین شاہ نے کہا کہ پیر سید گلزار حسین شاہ نے چکوڑی شریف کو بام عروج تک پہنچایا، انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ اولیاء کاملین نے ہمیشہ امت مسلمہ کو محبت اخوت و اتفاق اور انسانی حقوق کی پاسداری کا درس دیا ہے اور یہی مشائخ چکوڑی شریف کا طرہ امتیاز بھی رہا۔

مفتی انصر القادری، پیر سید ریاض حسین شاہ، صاحبزادہ دلشاد احمد قادری، قاری اعجاز احمد اور دیگر علما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانے رشد و ہدایت کے سر چشمے ہیں، اولیاء کاملین نے محبت، امن، اتحاد اور انسانیت کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ قاری اعجاز احمد چشتی جو نظامت کے فرائض بھی سر انجام دے رہے تھے نے کہا کہ اولیاء کاملین کی تعلیمات سنت اور شریعت کے عین مطابق ہیں جنہیں مشعل راہ بنا کر ہم اپنی زندگیوں کو بہتر خطوط پر لے جاسکتے ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کو سنت و شریعت اور اولیاء کاملین کی امن و محبت والی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے۔ تقریب کے آخر میں درود و سلام پڑھا گیا۔ صاحبزادہ پیر سید حسام الدین شاہ نے امت مسلمہ اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی۔

تازہ ترین