• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے، صاحبزادہ غلام صدیق

مانچسٹر (ذوالفقار علی مہر) ممتاز عالم دین صاحبزادہ غلام صدیق احمد نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ نقشبندیہ گلزار مدینہ گجرات نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے جذبۂ قربانی اور اطاعت خداوندی کا درس ملتا ہے۔ یہ عظیم تہوار حضرت ابراہیمؑ و حضرت اسماعیلؑ کے فلسفائے اطاعت اور تابعداری کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت ابراہیمؑ کا جذبۂ قربانی تمام مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محفل نعت و ذکر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن رواداری، انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔ اسلام میں دہشت گردی، خودکشی اور جنونیت کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان اپنے اندر انبیاء کرام کی دیانتداری سچائی اور بہترین کردار کے مطابق زندگی گزار کر صبر اور استقامت سے دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبوں کو اہمیت دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ نے اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے اور حق اور صداقت کے علم کو بلند رکھنے کے لئے ایسی بے مثل قربانی پیش کی جس کی نظیر نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو چاہئے کہ نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک بھی محبت اور اخوت کے ساتھ رہتے ہوئے محبت اور صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے، جس سے کسی کی دل آزاری اور امن و امان کی فضا خراب ہونے کا خدشہ ہو۔

صاحبزادہ شاہد صدیق نے کہا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ اگر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے ختم ہو جائیں۔ محفل سے علامہ قاری سمندر خان، سید ذوالفقار شاہ، طاہر صدیقی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بارگاہ رسالتﷺ میں نذرانہ عقیدت قاری سمندر خان اور سید ذوالفقار شاہ نے پیش کیا۔ اس موقع پر نعیم، فیصل ہاشمی، شہزاد، چوہدری وسیم، محمد ندیم، دانیال ہاشمی، طاہر صدیقی، مصطفیٰ کمال شیخ، راجہ بشیر و دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین