• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میزبانی گنوانےکا خطرہ، بھارت ایشیا کپ کرکٹ میں پاکستان کی شرکت کیلئے بے قرار

ممبئی (جنگ نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی زبردست لابنگ کی بدولت انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی گنوانے والے بھارتی کرکٹ بورڈ کو ہوش آنے لگا ہے۔وہ اب گرین شرٹس کی علاقائی ٹورنامنٹ میں شرکت یقینی بنانے کیلئے بے قرار ہوگیا ہے۔ بی سی سی آئی نے سینئرز ایشیا کپ کی میزبانی بھی ہاتھ سے جاتے دیکھ کر فیصلہ کیا ہے کہ حکومت سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی آمد یقینی بنانے کیلیے اجازت طلب کی جائے۔

ٹورنامنٹ 2018 میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم نے انڈر 19 ایشیا کپ کے لئے حکومت کو 3ماہ پہلے لکھا تھا اور ہمیں کوئی جواب نہیں ملا۔ لہٰذا مقابلہ ملائیشیا منتقل کر دیا گیا۔ اب بورڈ سینئر ٹورنامنٹ کے پیش نظر ایک بار پھر حکومت سے اس بات کی منظوری لینے کی کوشش کرے گا ۔ ہمارا موقف ہے کہ بھارت یا پاکستان کے بغیر ایشیا کپ نہیں ہو سکتا۔ بڑے ٹورنامنٹ میں بھارت پاک بھارت مقابلہ اہم ترین میچ ہوتا ہے۔

اگر یہ ٹاکرا نہ ہوتو ٹورنامنٹ بے معنی ہو جائے گا۔ مذکورہ آفیشل نے اپنی گفتگو میں یہ واضح کیا کہ ایشیا کپ کوئی دوطرفہ سیریز نہیں بلکہ کئی ٹیموں پر مشتمل چیمپئن شپ ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باوجود بین الاقوامی ایونٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں۔ جون میں پاکستان اور بھارت نے انگلینڈ میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دو بار ایک دوسرے کا سامنا کیا ہے۔ اسی طرح انگلینڈ میں خواتین ورلڈکپ میں بھی دونوں ممالک کی ٹیمیں مدمقابل آئی تھیں۔ مذکورہ افسر کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل پہلے ایشیا کپ کا انعقاد جون میں کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، لیکن اب یہ سال کے اواخر مثال کے طور پر ستمبر یا اکتوبر میں کرایا جاسکتا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سری لنکا میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ انڈر 19 ایشیا کپ بھارت سے ملائیشیا منتقل کیا جائے۔

اس کا انعقاد نومبر میں ہوگا۔ پاکستان نے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دے کر بھارت میں کھیلنے کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے ملائیشیا میں انڈر 19 ایشیا کپ میں میں بھارتی انڈر19 ٹیم کے پاکستان کے خلاف کھیلنے کی تصدیق کی ۔

تازہ ترین