• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس مقابلے کے مقدمہ میں سزا کے خلاف اپیل منظور،4قیدی رہا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ نے ٹنڈوالہیار تھانے میں درج پولیس مقابلے،ہنگامہ آرائی،جلاؤگھیراؤکے مقدمہ میں سزا کے خلاف سینٹرل جیل کے 4قیدیوں کی اپیل پر ان کی سزا ختم کرکے رہا کرنے کاحکم دیدیاہے۔جبکہ دیگرعدالتوں نے جھگڑے اور منشیات کے دو الگ الگ مقدمات میں نامزد ملزمان کو بری کردیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں سینٹرل جیل کے 4قیدیوںکی جانب سے ٹنڈوالہیار اے سیکشن تھانے میں درج پولیس مقابلے،ہنگامہ آرائی اورجلاؤگھیراؤکے مقدمہ میں قید اور جرمانوں کی سزاکے خلاف اپیل دائر کی تھی جس میں کہاگیاتھا کہ ہمارا مؤقف نہیں سناگیا،ایف آئی آر جھوٹی ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے جمعرات کو درخواست گذاروں اور سرکاری وکلا کے دلائل کے بعد سزا کے خلاف اپیل منظورکرتے ہوئے سزاختم کرکے رہاکرنے کاحکم دیدیاہے۔ علاوہ ازیں فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج حیدرآباد نے جی او آر تھانے میں درج بھائی،بھابی اور والدہ کوجھگڑا کرکے تشدد کانشانہ بنانے کے مقدمہ میں نامزد ملزم محمداسلام کوعدم ثبوت پربری کردیا جبکہ سیشن جج حیدرآباد نے پنیاری تھانے کی حدودسے منشیات رکھنے کے مقدمہ میں گرفتارملزم شہباز ملک کو عدم ثبوت پربری کردیاہے۔

تازہ ترین