• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کو پیپلز پارٹی سے ریلیف نہیں ملے گا، زرداری،بلاول

Todays Print

لاہور (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی ، نہ ہو سکتی ہے اور نہ ہو گی، ڈائیلاگ کس سے کریں جو دھوکہ دیتا ہے ، کس طرح یقین دلائو ں کہ نواز شریف سے مفاہمت نہیں کر رہا، میاں صاحب سے میری کیا دوستی ، میں تو پائے بھی نہیں کھاتا ، میری دوستی جمہوریت سے ہے ، میاں صاحب سے کبھی ذاتی فائدہ نہیں لیا جب بھی بات ہوئی جمہوریت کے لئے ہوئی ہے ، شریف خاندان کو آئندہ سیاست میں نہیں دیکھ رہا ، عمران خان ابھی فل ٹاس پر کھیل رہے ہیں جب نو بال پر آئیں گے تو دیکھیں گے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شریف خاندان اگر پیپلز پارٹی کی طرف سے ریلیف چاہتا ہے تو انہیں پیپلزپارٹی سے ریلیف نہیں ملے گا ، ملک میں صرف دائیں بازو کی سیاست رہی تو بہت برا ہوگا،19اگست کو نوشہرہ اور 26اگست کو اٹک میں جلسہ کروں گا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بلاول ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا میرے چیئرمین نے کہہ دیا ہے کہ نواز شریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں تو میرا بھی یہی کہنا ہے ، یہ غلط فہمی دور ہونی چاہیے کہ ہم نے نواز شریف کا ساتھ دیا بلکہ ہم نے پارلیمنٹ اور جمہوریت کا ساتھ دیا ، دو ماہ پہلے الیکشن اصلاحات کے دوران آئین کی آرٹیکل 62,63ختم کرنے کی بات کی تھی مگر افسو س ان کو یہ بات سمجھ نہ آئی ، اب انتخابات میں کتنا وقت رہ گیا ہے کہ کسی نئے میثاق کی بات کی جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں اس وقت صرف دائیں بازو کی سیاست ہو رہی ہے اور یہی جاری رہی تو یہ بہت برا ہوگا ، پیپلز پارٹی اپنی نظریات کے مطابق کھڑی ہے اور ہم پروگریسو او رپر امن پاکستان بنائیں گے، نیشنل ایکشن پلان میں یہ بات واضح لکھی ہے کہ کوئی بھی کالعدم جماعت نام تبدیل کر کے کام کر سکتی ہے او رنہ سیاست میں آسکتی ہے ، پیپلز پارٹی کالعدم تنظیموں کی اس طرح کی سرگرمیوں کی واضح مخالفت کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سب کچھ سمجھ آتا ہے ، وہ معصوم بن کر سامنے آتے ہیں لیکن قوم کو سب پتہ ہے کہ وہ معصوم نہیں ،انہیں سپریم کورٹ نے نا اہل کرکے نکالا ہے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارا وزیر اعظم نا اہل ہوا تو نیا وزیر اعظم آ گیا اور اب بھی یہی ہوا ہے ، نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کے حوالے سے اپنے الفاظ واپس لے لئے ہیں لیکن اب وقت اور پانی سر سے گزر گیا ہے ۔ ہم پارلیمنٹ او رجمہوریت کے ساتھ ہیں اور ہم اسے پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاست میں کوئی بات حر ف آخر نہیں ہوتی ،ایسا نہیں ہو سکتا کہ پولیٹیکل سورس ختم ہو جائے ۔ نواز شریف کا چار سال طرز سیاست جمہوری نہیں رہا ، یہ جمہوری فورسز کو اپنے ساتھ لے کر نہیں چلے ۔ انہوں نے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کے سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی یہ آئیں گے تو منگوا کر ان کا جائزہ لیں گے، ہم وکیلوں کا جواب دیں گے کیونکہ ہم ججوں کا ذہن تو نہیں بتا سکتے ۔

تازہ ترین