• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما پیپرز ، امیتابھ بچن کیخلاف تفتیش کا آغاز

ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک) پانا ما لیکس کے منظر عام پر آنے کے بعد جہاں عالمی سیاست ہل کر رہ گئی ہے وہیں پاکستانی شخصیات سمیت دنیا کی کئی معروف شخصیات بھی اس کا شکار نظر آرہی ہیں۔بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے بولی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن سمیت بھارت کی 33 بڑی شخصیات کیخلاف پاناما لیکس میں تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔پاناما لیکس میں بھارت کے سپر اسٹار امیتابھ بچن پر آف شور کمپنی اور اکاؤنٹس بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کے جواب میں امیتابھ بچن نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان پر لگنے والے تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور انہیں جس آف شور کمپنی کا ڈائریکٹر ظاہر کیا گیا ہے ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

امیتابھ کاکہنا تھا کہ انہوں نے تمام ٹیکس ادا کیے ہیں اور اگر ان کے نام پر پیسہ باہر بھیجا بھی گیا ہے تو وہ غیر قانونی طریقے سے نہیں بلکہ قانونی طریقے سے بھیجا گیا ہے۔بھارتی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے ایک سینئر آفیسر کے مطابق تحقیقات میں کوئی کمی نہیں رکھی جائے گی ، ہم پاناما پیپرز میں شامل افراد کے خلاف تیزی سے معلومات جمع کررہے ہیں ، جن لوگوں کے نام آف شور کمپنیوں میں موجود ہوں گیانہیں کڑی سزا دی جائیگی ۔واضح رہے کہ پاناما لیکس میں امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی بہو ایشوریا رائے کانام بھی سامنے آیاتھا تاہم امیتابھ بچن نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کی تردید کردی تھی۔

تازہ ترین