• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب عدالت میں آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر وکیل صفائی کی بحث مکمل،کیس کی روزانہ سماعت کا فیصلہ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)  احتساب عدالت راولپنڈی کے جج خالد محمود رانجھا نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف دائر ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں ملزم کی طرف سے دائر کی جانے والی بریت کی درخواست پر مزید بحث کے بعد سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔ آصف زرداری کیخلاف نیب نے کرپشن کا یہ ریفرنس 2001میں دائر کیا تھا۔

اس کیس میں ملزم کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے چند ماہ قبل بریت کی درخواست دائر کی تھی جس پر انہوں نے طویل بحث کی جو گزشتہ روز ختم ہونے پر نیب کے پراسیکیوٹر نے اپنی بحث شروع کر دی ہے۔ گزشتہ روز عدالت نے پراسیکیوٹر نیب کی جزوی بحث سننے کے بعد سماعت 22اگست تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء آن لائن کے مطابق پاناما پیپرز کیس کے فیصلے کے بعد آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بھی اپنی حاضری کو یقینی بنایا اور احتساب عدالت نے نیب کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سابق صدر کے خلاف ریفرنس کی سماعت کا فیصلہ کیا۔

رواں سال کے آغاز میں یہ بات سامنے آئی کی کرپشن ریفرنس کا ایک اہم گواہ پر اسرار طور پر غائب ہوگیا تھا۔بعد ازاں بیرسٹر جواد مرزا نامی گواہ کو راولپنڈی احتساب عدالت سے اشتہاری ملزم قرار دے دیا گیا تھا۔نیب کے وکیل طاہر ایوب نے بتایا کہ یہ کیس اپنے اختتامی مراحل میں ہے اور عدالت نے اس کی روزانہ کی بنیاد پر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا۔دریں این این آئی کے مطابق نجی ٹی کی رپورٹ کے مطابق نیب کے وکیل نے کہا کہ کیس کی کارروائی آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گی اور جلد ہی عدالت اس کیس کا فیصلہ سنا دیگی۔

تازہ ترین