• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری یٰسین کا وزیراعظم آزاد کشمیر کی نا اہلی کا ریفرنس قانونی ساز اسمبلی میں دائر

اسلام آباد (افضل بٹ) آزاد کشمیر کے قائد حزب اختلاف و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری محمد یٰسین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی نااہلی کیلئے ریفرنس قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر میں دائر کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر چوہدری یٰسین نے ریفرنس دائر کیا ہے۔ 

ریفرنس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی  پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے الحاق پاکستان سے متصادم بیان دیکر اپنے حلف سے انحراف اور آزاد کشمیر عبوری ایکٹ 74؍ کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد وہ اسمبلی رکنیت کے اہل نہیں رہے۔ اپوزیشن لیڈر چوہدری یٰسین کی جانب سے دائر کرائے گئے ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ راجہ فاروق حیدر نے قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 28؍ کے امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت الحاق پاکستان سے وفاداری کا حلف نامہ جمع کرایا تھا۔  پھر رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف کے موقع پر انہوں نے الحاق پاکستان سے وفاداری کا بھی حلف اٹھایا تھا۔

ریفرنس کے مطابق وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد راجہ فاروق حیدر نے تیسری مرتبہ الحاق پاکستان سے وفا داری کا حلف بھی اٹھایا مگر میاں محمد نواز شریف کی پاکستان کی وزارت عظمیٰ سے نااہلی کے بعد راجہ فاروق حیدر نے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے نظریہ الحاق پاکستان کی نفی کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اب کشمیریوں کو سوچنا ہو گا کہ اب انہوں نے کس سے الحاق کرنا ہے۔ چوہدری یٰسین نے مزید کہا ہے کہ راجہ فاروق حیدر کے اس بیان سے لاکھوں کشمیریو ں کی دل آزاری ہوئی اور آئین و حلف کی خلاف ورزی بھی ہوئی اس لئے راجہ فاروق حیدر کو اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے۔

دوسری طرف قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کے اسپیکر شاہ غلام قادر نے ’جنگ ‘ کے استفسار پر بتایا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کو ریفرنس موصول ہو چکا ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین