• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ہمارا شہر،کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑینگے،میئر وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ یہ ہمارا شہر ہے، اسے کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ،بہت سارے مسائل ہمیں گھیرے ہوئے ہیں، لیکن شہر کی تعمیر و ترقی سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ہیں۔ جمعرات کو قیوم آباد کے پی ٹی فلائی اوور سے پولیس چوکی براستہ اقراء یونیورسٹی ڈیفنس ویو فیزI روڈ اور نالے کی تعمیر کے کام کا معائنہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود اس سڑک کی تعمیر کا مقصد یہ تھا کہ طلبا و طالبات جو یونیورسٹی آتے ہیں اور یہاں کے مکینوں کو جس دشواری کا سامنا تھا اسے دور کیا جائے، اس سڑک کو 165 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور سڑک کے ساتھ گزرنے والے نالے کو بھی پختہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے ایم سی ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ایک حساس معاملہ ہے، خصوصاً ریٹائرڈ بزرگ ملازمین اپنی پنشن کے حصول کے منتظر ہوتے ہیں، لیکن فنڈز کی کمی کے باعث ہم انہیں ہر ماہ باقاعدگی سے پنشن ادا نہیں کرپاتے، جس کے باعث ان ریٹائرڈ بزرگ ملازمین میں تشویش پائی جاتی ہے، فائربریگیڈ جو انتہائی اہم محکمہ ہے، اس کے فائر فائٹرز کو اوور ٹائم ادا نہیں کیا جا رہا ،میں نے وزیراعلیٰ سندھ سے بھی کئی بار درخواست کی لیکن حکومت نے اس جانب اب تک کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ بعدازاں مقامی ہال میں پی ایس 114 کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے اس علاقے میں بھی جو ترقیاتی کام کئے ہیں، اس پر ناموں کی تختیاں نصب نہیں کی گئیں بلکہ مفاد عامہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں، یہ کام روکے گئے نہیں تو ہم اپنا سفر جاری رکھیں گے۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے جتوا دیا تھا، لیکن حکومت وقت نے دھاندلی کی اور زبردستی میرے مد مقابل امیدوار کو آپ پر مسلط کردیا گیا، اس کے باوجود ایک ایک کرکے وعدہ پورا کریں گے۔ میں وعدوں پر نہیں کام پر یقین رکھتا ہوں اور آپ کے مسائل کے حل کے لئے میں خود آپ کے دروازے پر آئوں گا۔ ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، وائس چیئرمین عبدالرئوف، کامران ٹیسوری، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، مختلف یوسیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور دیگر افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔

تازہ ترین