• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو ہم پر شک کریگاہم اس کی حب الوطنی پر شک کرینگے،فاروق ستار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ جو ہماری حب الوطنی پر شک کریگا ہم اس کی حب الوطنی پر شک کریں گے، یوم آزادی پر یوم سیاہ منانا اور پرچم جلوانا انتہائی قابل مذمت ہے، یوم آزادی کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان لندن سے کیا گیا تھا، کچھ افراد کو ورغلا کر یوم سیاہ منانے کا عمل قابل مذمت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو ایم کیوایم بہادر آباد کے عارضی مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینرعامر خان ، ڈپٹی کنوینرزڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،کنور نوید جمیل ،اراکین رابطہ کمیٹی شاہد علی ، خالد سلطان ، شکیل احمد ، وسیم قریشی ،محمود عبدالرزاق اور رکن سندھ اسمبلی وسیم قریشی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے دل کی گہرائیوں سے پاکستان بنانے والوں اور ان کی موجودہ نسل کو 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے پر مبارکبادپیش کی اور کہا کہ چند مٹھی بھر سے بھی کم گمراہ لوگوں نے یوم سیاہ منانے کی بات کی انہیں ہم نے جشن آزادی منا کرمسترد کیا اگر چند پرچم پاکستان کے کسی نے جلائے ، پاکستان کی ناموس کو تار تار کیا تو پاکستان سے محبت کرنے والے کروڑوں مہاجروں نے روایتی طور پر یوم آزادی منانے کی بجائے اس مرتبہ زیادہ ولولہ اور جذبہ کے ساتھ یوم آزادی منا کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے یہ ثابت کردیا کہ اگر ان کی حب الوطنی پر کوئی سوال اٹھاتا ہے شک کرتا ہے تو مہاجروں کو بھی اس کی حب الوطنی پر شک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے جشن آزادی کے موقع پر ہر آفس سے اور صرف کراچی میں 500مقامات پر پرچم کشائی کی، مزار قائد پر ہم گئے ، علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی ، باقی اگر کوئی پارٹی ، سیاسی سہولت لینے کیلئے پریس کانفرنس کرکے یہ کہے کہ ہم نے بڑی ریلی نکالی ہے ، وہ بھی دو سو موٹر سائیکلیں کے ساتھ اور باقی ٹریفک کا رش تھا، جشن آزادی کے موقع پرنام نہاد جماعت شہریوں کی خوشیوں کو اپنے کریڈیٹ میں شامل کرے تو یہ سیاست انہیں ہی سوٹ کرتی ہے ۔

دریں اثناء فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم سوشل میڈیا کا اجلاس عارضی مرکز بہادر آباد میں ہوا جس میں سوشل میڈیا کو فعال کرنے کے حوالے سے مختلف تجاوزپر غور کیا گیا ۔

تازہ ترین