• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دروغ گوئی کرنیوالوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا،شہباز شریف

 لاہور(خصوصی نمائندہ/خبر نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانا ہے تاکہ کوئی خارجی ملک پاکستان کے خلاف ہتک آمیز بات نہ کرسکے ۔دروغ گوئی کرنیوالوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔کوئی ہمیں ڈکٹیشن دینے کی جرأت نہ کرے ۔

یہ سب اسی وقت ہوگا جب ہم محنت ،امانت اوردیانت کو اپنا شعار بنائیں گے۔شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)کے طلبا ء و طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے ۔

ملک کی 60فیصد آبادی 15سے 30سال کی عمر کے نوجوانوں پرمشتمل ہے،جنہیں جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک وقوم کی تقدیر بدلیں گے ۔پنجاب حکومت نے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن(نیوٹیک)نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے میں اہم کردارادا کررہا ہے۔

تاہم اسے پنجاب کے فنی تعلیم کے اداروں ٹیوٹا،پی وی ٹی سی اورپنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ساتھ ملکر آگے بڑھنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کے پوزیشن ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کے پروگراموں میں نیوٹیک کے پوزیشن ہولڈرز کو شامل کرنے کا بھی اعلان کیا ۔

تازہ ترین