• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیٹیکل ایجنٹس کا رویہ مناسب نہیں ،قواعد بنائے جائیں،سینیٹ کمیٹی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریاستوں و سرحدی امور کے چیئرمین سینیٹر ہلال الرحمن نے کہا ہے کہ فاٹا کے پولیٹیکل ایجنٹس کا طرز افسری انتہائی قابل افسوس ہے ۔ کسی بھی قبائلی ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کا رویہ عوام کے ساتھ مناسب نہیں  اور بے تاج بادشاہ کے طور پر اختیارات کو استعما ل کرتے ہوئے بے گناہ لوگوں کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر جیلوں میں ڈالا جارہا ہے۔

پولیٹیکل ایجنٹس کے اختیارات سے متعلق اصول اور قواعد بنائے جائیں،کمیٹی نے فاٹا میں فلور ملز کی بندش کے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے ساتھ امتیازی سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ سینیٹر صالح شاہ نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے فلور ملز بند پڑی ہیں ۔ سینیٹر اورنگزیب خان نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو بھوک سے مروانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ فاٹا کیلئےگندم پر سبسڈی کی بجائے مہنگی قیمت لی جارہی ہے۔ جو سراسر نا انصافی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ فاٹا کی سبسڈی کی ادائیگی مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے ،فاٹا کو اس سہولت سے محروم رکھنا زیادتی کے مترادف ہے۔ خیبر پختونخوا محکمہ خوراک کے حکام نے سبسڈی کے مسئلے پر کمیٹی کو آگاہ کرتےہوئے بتایا کہ فاٹا کی جانب سے فوڈ سبسڈی کی مد میں کروڑوں روپے واجب الادا ہیں ۔ اے سی ایس فاٹا نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ حکام کیساتھ ملکر جلد ہی اس معاملے کا قابل عمل حل نکا ل لیا جائے گا۔ فاٹا ترقیاتی ادارےکے حکام نے کمیٹی کو ترقیاتی کاموں بارے آگا ہ کیا ۔ کمیٹی کو بتایا کہ فاٹا میں چھوٹے پیمانے پر آبپاشی کے مقاصد کیلئے مختلف ڈیم تعمیر کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین