• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا استحکام و بقا جمہوری نظام میں ہے، قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے، کمیونٹی رہنما

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) آج کا جمہوری پاکستان اپنی70سالہ آزادی کا جشن پوری آب و تاب سے منا رہا ہے۔ پاکستان سیاسی جدوجہد سے معرض وجود میں آیا تھا اور جمہوری نظام کے تسلسل ہی میں پاکستان کی بقاء ہے۔ قوم باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرے۔ آنجہانی ولنسن چرچل کے تاریخی الفاظ کہ اگر ملک کی عدالتیں کام کررہی ہیں تو ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ پاکستان میں گزشتہ دس برسوں سے نہ صرف جمہوریت کا تسلسل قائم ہے بلکہ سخت عدالتی فیصلے بھی قبول کیے گئے اور ان پر عملدرآمد بھی ہوا۔ ان خیالات کا اظہار اوورسیز کمیونٹی کے مختلف مکاتب فکر کے رہنمائوں نے جشن آزادی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی ولولہ ان گیز قیادت میں ایک طویل سیاسی جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا تھا۔ ایک آزاد نظریاتی مملکت کا قیام عطیہ خدا وندی سے کم نہیں ہے۔ قوموں کی زندگی میں70برس کا عرصہ کچھ زیادہ نہیں ہوتا۔ لیکن نامساعد حالات کے باوجود پاکستان کامیابی کے ساتھ اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔میاں عبدالوحید چند روز قبل نجی دورہ برطانیہ پر پہنچے ہیں اور تنظیم مغلیہ برطانیہ کے کنوینر محفوظ مغل نے ساتھیوں سمیت ان کا استقبال کیا۔سابق ڈپٹی اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر چوہدری مظہر حسین نے کہا کہ مضبوط و مستحکم پاکستان مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ پاکستان اندرونی و بیرونی سازشوں کا بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے نہ صرف سائوتھ ایشین خطے میں بلکہ عالمی سطح پر ایک اہم مقام پر کھڑا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا لازوال قربانیوں کے بعد قلع قمع کیا۔ اس سے بھی عالمی سطح پر پاکستان کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آئیں ہیں اس لئے بھی70سالہ جشن آزادی کی تقریبات فاتحانہ انداز میں منا رہے ہیں۔ تنظیم مغلیہ برطانیہ کے کنوینر محفوظ مغل نے کہا کہ سی پیک جیسے میگا پروجیکٹ کی وجہ سے پاکستان کا شمار دنیا کے صف اول کے ممالک کی فہرست میں ہونے لگا ہے۔ اس لحاظ سے بھی دنیا بھر میں آباد پاکستانیوں کے مورال بلند ہیں اور بالخصوص14اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی سالانہ پریڈ میں چین، ترکی، سعودی عرب کی مشترکہ فضائی مظاہروں میں شرکت سے نئے اتحادیوں کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔ سابق صدر پیپلز پارٹی برمنگھم و معروف کمیونٹی رہنما چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ پاکستان کی70سالہ جشن آزادی کی تقریبات میں تارکین وطن کشمیری زیادہ جذباتی ہیں اور پورے قومی و ملی جذبہ سے پاکستان کا جشن آزادی منا رہے ہیں۔ کشمیری محسوس کرتے ہیں پاکستان جتنا زیادہ مضبوط ہوگا آزادی کی منزل اس قدر قریب ہوگی۔ سابق کوآرڈینیٹر اوورسیز برائے خواتین انجم جرال نے کہا کہ تحریک پاکستان میں بھی خواتین کا کردار نمایاں تھا اور آج تعمیر پاکستان اور جشن پاکستان میں بھی خواتین کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ مختلف تقریبات میں خواتین پاکستان جھنڈے کی مناسبت سے لباس میں ملبوس ہوکر تقریب کو چار چاند لگا دیتی ہیں۔ یہ پاکستان سے خواتین کی محبت کا والہانہ اظہار ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے پیغام بھی ہے۔ پاکستان فورم کے چیئرمین قاری تصورالحق مدنی نے کہا کہ برطانیہ میں آباد اوورسیز خاصے پرجوش ہیں۔ 23مارچ سے لے کر14اگست تک ہر گزرتا دن جشن پاکستان کی غمازی کرتا رہا ہے۔ کمیونٹی نے اپنے اتحاد و یکجہتی سے جشن آزادی کی تقریبات کی اہمیت اور افادیت میں اضافہ کردیا۔ سابق صدارتی مشیر واجد برکی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن جذبہ حب الوطنی میں سرشار ہوکر مناتی ہیں۔ ایسے ہی برطانیہ بھر میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے جشن آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات سج اکر وطن کے ساتھ محبت کا اظہار کیا۔ معروف بزنس مین چوہدری جاوید ماجد الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کا جشن آزادی منانے کے لیے جہاں سیاسی، سماجی رہنما متحرک ہیں بزنس کمیونٹی بھی کسی سے کم یا پیچھے نہیں ہیں۔ 70سالہ جشن آزادی کی پوری قوم کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ جشن آزادی کے سلسلہ میں مختلف تقریبات کو سپانسر کرکے بھی لوگوں میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دینے میں کردار ادا کرتے ہیں۔ سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری الیاس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امسال جشن آزادی کا جذبہ ماضی سے کئی بڑھ کر تھا لوگوں میں سیاسی شعور بیدار ہوچکا ہے۔ ہماری برطانیہ میں جوان ہونے والی سنہری نسل کے ہاتھوں وطن عزیز کا مقدس پرچم آچکا ہے، جس تحریک، جس جشن میں نوجوان شمولیت اختیار کرلیںکامیابی اس کا مقدر ہوتی ہے۔

تازہ ترین