• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی میں مسلمانوں پر حملوں میں خوفناک اضافہ

برلن (نیوز ڈیسک) جرمنی میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریروں، دھمکی آمیز خطوط اور اسکارف پہننے والی خواتین پر حملوں کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جرمن اخبار کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ماضی کے مقابلے میں جرمنی میں بسنے والے مسلمانوں کے خلاف پرتشدد حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صرف اپریل سے جون کے دوران مذہب کے بنیاد پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں16مسلمان زخمی ہوئے۔ اس حوالے سے بائیں بازو کی جرمنی کی سیاسی جماعت ’’دی لنکے‘‘ نے وفاقی حکومت سے سوال پوچھا تھا، بتایا گیا ہے کہ تقریباً سبھی حملوں میں دائیں بازو کے جرمن انتہا پسند ملوث تھے اور صرف ایک ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر دوسری سہ ماہی کے دوران جرمن پولیس نے اسلامی اداروں اور مسلمانوں کے خلاف پیش آنے والے192واقعات کا اندراج کیا۔ رواں برس پیش آنے والے ایسے واقعات کی تعداد200کے قریب تھی۔ ان واقعات میں مساجد یا مسلمانوں کے خلاف پوسٹ کیے جانے والے خطوط، نفرت انگیز تقریریں اور اسکارف پہننے والی مسلمان خواتین پر حملے شامل ہیں۔ اسی طرح کئی واقعات میں رات کے اندھیرے میں مسلمانوں کے گھروں کی دیواروں پر نفرت انگیز پیغامات بھی لکھے گئے۔

تازہ ترین