• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزیر خارجہ پاکستانی عوام کی جائز ضروریات کا خیال رکھتی ہیں‘گوتم بامبا والے

لاہور (خالد محمود خالد)بھارتی ہائی کمشنر گوتم بامبا والے نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج پاکستانی عوام کی ان جائز ضروریات کا خیال رکھتی ہیںجس کی وہ ان سے توقع رکھتے ہیں خصوصاً مریضوں کے لئے وہ بے حد نرم گوشہ رکھتی ہیں ۔ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے ویزہ جاری کرنے کے اعلان کے بعد علاج کیلئے بھارت جانے کے منتظر پاکستانی مریضوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پاکستانی عوام نے بھارتی یوم آزادی کے تحفہ کا بے حد خیر مقدم کیا ہے اور انہوں نے اپنے پیاروں کو بھارت میں علاج کی سہولت ملنے پر سکھ کا سانس لیا ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان اور بھارت میں سیاسی تنائو کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بہت کم ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاجر ایک دوسرے ملک کے ساتھ اپنا کاروبار بڑھانا چاہتے ہیںلیکن تجارت صرف اسی صورت میں بڑھے گی جب دونوں ملک چاہیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی اصل وجہ ایل او سی پر فائر بندی کی خلاف ورزی میں اضافہ ہے اور ایسی صورتحال اس وقت ختم ہو سکتی ہے جب دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے ملک میں آنے جانے کی اجازت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطے بحال کرنے کی بے حد ضرورت ہے۔

تازہ ترین