• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کسی بھی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا،شہباز شریف

Todays Print

لاہور( نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا، شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو قومی اداروں کیخلاف بیان بازی سے روکدیا۔

وزیر اعلیٰ نے پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے تمام رہنمائوں اور عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی بیان بازی سے احتراز کریں جس سے قومی اداروں کے احترام پر بالواسطہ یا بلاواسطہ آنچ آنے کا اندیشہ ہو۔

وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ پاکستان اداروں کے درمیان تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں مسلم لیگ(ن) کے تمام بہی خواہوں سے بھی یہ کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ وہ کسی بھی ایسی خیال آرائی سے گریز کریں جو قومی اداروں کے وقار اورا حترام کے منافی ہو۔شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور عہدیداروں کی قومی اداروں کے خلاف بیان بازی پر پابندی لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی عہدیدار قومی اداروں کے وقار کے منافی قیاس آرائی نہ کریں۔

علاوہ ازیں شہبازشریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئےشہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صوبے بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے میگاپراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں اور ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر شفاف انداز میں صرف کی جا رہی ہے۔

شفافیت، معیار اور رفتار حکومت پنجاب کی پہچان اور ترقیاتی منصوبوں کا طرہ امتیاز ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ملک کی تاریخ میں ایک مثال قائم کی گئی ہے۔ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے جلد مستفید کرنے کیلئے انہیں تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ میرٹ ہی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرنے کا ذریعہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور میرٹ کی پالیسی اپنائی ہے اور پنجاب حکومت نے ہر شعبے میں میرٹ کو پروان چڑھایا ہے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے ڈاکٹر رتھ فائو کی آخری رسومات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فائو جذام کے مریضوں کیلئے زندگی کی امید تھیں۔

انہوں نے ٹی بی اور جذام کے خاتمے کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فائو کی سماجی خدمات کو پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ڈاکٹر رتھ فائو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تازہ ترین