• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خصوصی نشریات ”کراچی جرائم کے نشانے پر“، آج تمام دِن ”جیونیوز “ پر جاری رہے گی

Todays Print

کراچی (جنگ نیوز) ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گذشتہ کئی برس سے دہشت گردوں ، بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز، قبضہ مافیا، اغوائے برائے تاوان اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

2013 میں شروع ہونے والے ٹارگٹڈ آپریشن کے پہلے مرحلے میں لیاری میں گینگ وار کا خاتمہ کیا گیا اس کے بعد پورے شہر میں کارروائیاں مزید تیز کر دی گئیں۔کچھ برس بعد کراچی آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی اور سیاسی جماعتوں میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا ۔ سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر چھاپے مارے گئے، گینگ وار کے کارندے پکڑے گئے، بابا لاڈلا کی موت، ذوالفقار مرزا کی شہر میں اسلحہ لائسنس کے حوالے سے گفتگو نے متعدد بار شہریوں کو خوف میں مبتلا کیا۔

روشنیوں کے شہر کی روشنیاں ماند پڑتی چلی گئیں ، کراچی میں بہت زیادہ خون ریزی ہوئی ، کئی اہم سیاسی رہنما بھی قتل ہوگئے لیکن کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود بھی پولیس کو موثر متبادل فورس نہیں بنایا جاسکا۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے حالیہ دِنوں پھر اعلان کیا ہے کہ کراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔

دیکھا جائے تو کراچی میں ہونے والے بھر پور آپریشن کے بعد قتل و غارت میں نمایاں کمی تو آئی ہے لیکن مختلف نوعیت کے دیگر جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کا شور ایک بار پھر زور پکڑتا جارہا ہے۔ ماضی کی طرح ایک بار پھر کراچی کے امن و امان پر ”جیونیوز“ نے خصوصی نشریات کا اہتما کیا ہے جس کا نام ہے ”کراچی جرائم کے نشانے پر“

۔اس نشریات میں حکومتی کارکردگی سے پولیس و رینجرز کے ایکشن تک کراچی کے معاملات پر خصوصی نیوز رپورٹس شہریوں ,گورنمنٹ , تاجروں, تجزیہ کاروں اوررپورٹرز کا موقف بھی سامنے لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ عوام کے ساتھ حکام بالا کو یہ بھی دکھایا جائے گا کہ کون سے علاقے اسٹریٹ کرائم کا گڑھ بن چکے ہیں۔ شہر میں اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتیوں کا تازہ ترین احوال کیا ہے۔ اتوار کو تمام دِن یہ اسپیشل ٹرانسمیشن جاری رہے گی۔

تازہ ترین