• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثارکیا اعلان کرینگے،قیاس آرائیاں ،امکانات پر بحث جاری

Todays Print

اسلام آباد (فاروق اقدس) اپنی قیادت کے فیصلوں پر تحفظات رکھنے والےچوہدری نثار آج پریس کانفرنس میں کیا اعلان کریں گے،ہفتےکو قیاس آرائیاں اور بعض امکانات پر بحث جاری رہی ، ان کی پریس کانفرنس کی خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب سینیٹر پرویز رشید نے ایک انٹرویو میں کہاکہ نوازشریف کے خلاف سازش مشرف کی بد روح نے کی اور اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے آئے۔

وزارت داخلہ کے ہوتے ہوئے جے آئی ٹی بھی بنی اور واٹس ایپ کی بھرمار بھی ہوئی ،یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ چوہدری نثار نے ایک ایسے وقت میں پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے جب شہباز شریف نے پارٹی کے تمام رہنمائوں کو قومی اداروں کے خلاف بیان بازی سے روکتے ہوئے کہا کہ پاکستان اداروں کے درمیان تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

یہی بات چوہدری نثار بھی کہہ چکے ہیں اور اسی موقف کی بنیاد پر انہوں نے وزارت لینے سے انکار کرتے ہوئے حکومتی اور تنظیمی سرگرمیوں سے لاتعلقی اختیار کی ہوئی ہے۔ قیاس آرائیوں میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ چوہدری نثار پرویز رشید کی جانب سے وزارت داخلہ کے حوالے سے اٹھائے گئے استفسارات پر جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے بعض انکشافات بھی کرسکتے ہیں جن میں نیوز لیکس سمیت بعض دوسرے معاملات بھی شامل ہونگے۔

چوہدری نثار علی خان کے قریبی حلقے اس امکان کو یکسر مسترد کرتے ہیں کہ وہ مسلم لیگ (ن) سے لاتعلقی کا اعلان بھی کرسکتے ہیں، ان حلقوں کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) کو ہر گز خیر باد نہیں کہہ سکتے اور اگر صورتحال اس نہج پر پہنچ بھی گئی تو مسلم لیگ ن مسلم لیگ ن ہی رہے گی لیکن ایک گروپ کی شکل میں (ن) نثار علی خان کے نام سے موسوم ہوگا۔

تازہ ترین