• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور افغانستان کا دہشت گردی کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان اور افغانستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ دشمن ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے اور اسے ختم کرنے کیلئے دو طرفہ تعاون انتہائی ضروری ہے یہ بات پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغان نائب وزیر خارجہ ناصر اندیشہ نے ہفتہ کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کی۔ واضح رہے کہ افغان نائب وزیر خارجہ ناصر اندیشہ افغانستان کی آزادی کی تقریب اور ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں نئے افغان سفارتخانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ پاکستان کی سیکرٹری خارجہ اور افغان نائب وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے قیام پر بھی بات چیت ہوئی ۔ سیکرٹری خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان معیشت ، تجارت، ٹرانزٹ اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس حوالے سے سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں راہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان دونوں ملکوں کے عوام کا مشترکہ دشمن ہے اس کو ختم کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشتگردی کی مشترکہ کوششوں اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے قیام پر بھی بات چیت ہوئی۔

تازہ ترین