• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا حملہ متاثرین کی یادمیں سوگواروں کا اظہارغم،ہر آنکھ اشکبار

لندن (نیوز ڈیسک) جان لیوا وہیکل حملے کے متاثرین کے لئے اتوار کے روز بارسلونا کے سٹننگ سگراڈا فیمیلیا چرچ پر منعقدہ ایک متاثرکن اجتماع میں سوگواروں نے اپنے غم و رنج کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ہر ایک آنکھ اشک بار تھی۔ اس حملے نے سپین کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ بارسلونا کے معاون بشپ سیسٹیا ٹالٹاول نے تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے کے بعد سے بہت سے لوگ نہ صرف روتے رہے بلکہ بیشتر انسانیت بھی صدمہ سے نڈھال تھی جس وقت بشپ خطاب کر رہے تھے اس وقت بیشتر سوگوار سرجھکائے ان کا خطاب سن رہے تھے۔ سپین کے بادشاہ فلپ اور ان کی اہلیہ لٹزیا بھی سیاہ لباس پہنے وزیراعظم ماریا نوراجوئے اور کیٹالونیا کے صدر کارلیس پیوگڈیمنٹ اور صدر میریلو ابیلو ڈی سوزا نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ ایک74سالہ پرتگالی خاتون اور ان کی20سالہ گرینڈ ڈاٹر بھی جان بحق ہونے والے13افراد میں شامل تھیں جب وہ جمعرات کے روز بارسلونا کی لاس ریمبلس بلیوارڈ پر ایک سفید وین کے راہگیروں پر چڑھ جانے کا نشانہ بن گئیں۔ دونوں جس وقت سانحہ کا نشانہ بنیں وہ ہوٹل میں رہائش کے لئے روم حاصل کرنے کے فوری بعد چہل قدمی کے لئے نکلی تھیں۔ اس سانحہ کے محض چند گھنٹوں بعد ایسا ہی ایک واقعہ جنوب میں ساحل سے متصل کیمبرلز ٹائون میں پیش آیا جس میں ایک حملہ آور نے چاقو کے وار کرکے ایک خاتون کو ہلاک کر دیا۔ بارسلونا کے آرچ بشپ کارڈینل جان جوزف اور میلانے اجتماع میں پوپ فرانسس کا بھیجا ہوا ایک تعزیتی پیغام پڑھا جس میں حملے کو دہشت گردی کا ایک ظالمانہ عمل اور خدائی احکامات کی زبردست خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے سانحہ کو اپنے شہر کے لئے ’’دکھ کے لمحات‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری خاموشی، ہماری دعا اور اس مقدس مقام پر ہماری موجودگی حملے کی ہماری جانب سے مذمت کی ایک علامت ہے۔ اس موقع پر بہت سے افراد زاروقطار رو رہے تھے۔

تازہ ترین