• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف کے زیراہتمام یوم آزادی پر دعائیہ تقریبات

برمنگھم/ لوٹن(نمائندہ جنگ) آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف کے زیراہتمام پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر سجادہ نشین الحاج پیر نقیب الرحمن کی صدارت میں دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔ برمنگھم کے عیدگاہ شریف ہائوس اور مرکزی جامع مسجد غوثیہ لوٹن میں بھی خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں۔

صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمٰن نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ طیبہ کے بعد پاکستان پہلی اسلامی ریاست ہے جس کا مطالبہ برصغیر کے مسلمانوں نے ایک نظریہ کی بنیاد پر کیا تھا،وہ نظریہ14سو سال قبل نبی کریمؐ نے مسلمانوں کو دیا تھا، لیکن بدقسمتی سے آج کا پاکستان بانیان پاکستان کے خوابوں کے مطابق نہیں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی جہاں مغربی معاشرے میں فروغ اسلام کے لیے کردار ادا کررہے ہیں، وہی پاکستان کے وقار کو بھی بلند کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے دلوں میں پاکستان سے محبت بسانے کے لیے انہیں سیر و تفریح کے لیے پاکستان لے جایاجائےتاکہ نوجوان نسل کو پاکستان کے بارے میں پتہ چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پاکستانی نوجوان یہاں کے مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ برطانیہ کے استحکام کے لیے کردار ادا کریں۔

تازہ ترین