• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کے بادشاہ جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، زاہد مغل

بریڈ فورڈ(محمد رجاسب مغل)میاں نواز شریف کی نااہلی سے مسلم لیگ ن عوامی اعتماد کھو چکی ہے۔ کرپشن کے بادشاہ اور پیروکار بہت جلد اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔پاکستان میں آئندہ دور پیپلز پارٹی کا ہے اور چیئرمین پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان میں حقیقی تبدیلی لائیں گے۔حکومت آزاد کشمیر دھاندلی کی پیداوار حکومت ہے اور عوامی مسائل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔جعلی ووٹ کی بنیاد پر منتخب حکومت کو جلد چلتا کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر چوہدری یٰسین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی نااہلی کا ریفرنس دائر کر کے نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ کشمیریوں کے دل جیت لئے ہیں۔مودی کے یاروں کو دھکا دینے کا وقت آگیا ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق مشیر حکومت وپیپلز پارٹی بریڈ فورڈ کے مرکزی رہنما وممتاز کاروباری شخصیت زاہد مغل نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اپنے سیاہ کارناموں اور کرتوتوں کی بدولت اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ملک لوٹنے والے عوامی عدالت میں ننگے ہو چکے ہیں۔

پاکستان کی عدلیہ خراج تحسین کے لائق ہے کہ جنہوں نے آئین وقانون کی بالادستی کو قائم کیا اور کرپٹ حکمران کو گھر بھیجا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بن چکے ہیں۔اپوزیشن لیڈر چوہدری یٰسین نے راجہ فاروق حیدر خان کی نااہلی کا ریفرنس دائر کر کے کشمیریوں کے احساسات وجذبات کی ترجمانی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک مضبوط قوت بن چکی ہے اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کامیابیوں اور کامرانیوں کا سفر طے کر رہی ہے۔ 2018کا سال پیپلز پارٹی کے لئے خوشیوں کا سال ثابت ہو گا اور انشاء اﷲ پیپلز پارٹی عوام قوت سے الیکشن جیت کر حکومت بنائے گی۔

تازہ ترین